8897.72 کروڑ روپے ریونیو اور 428.01 کروڑ روپے کیپٹل اخراجات کیلئے مختص
سرینگر// حکومت ہند نے سال 2025-26کے مرکزی بجٹ میں جموں و کشمیر پولیس کیلئے 9325 کروڑ روپے مختص کیے ہیں۔ سی این آئی کے مطابق وزارت داخلہ کے سال 2025-26کیلئے گرانٹ کے مطالبات کے مطابق مرکزی بجٹ میں جموں و کشمیر پولیس کیلئے 9325.73 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ بجٹ دستاویزات کے مطابق اس رقم میں سے 8897.72 کروڑ روپے ریونیو کے اخراجات کیلئے اور 428.01 کروڑ روپے کیپٹل اخراجات کیلئے مختص کیے گئے ہیں۔یہ بجٹ کے انتظامات جموں و کشمیر پولیس کے انتظامی اخراجات کو پورا کرنے کیلئے کیے گئے ہیں جو جموں و کشمیر میں امن و امان کو برقرار رکھنے اور نافذ کرنے اور ٹریفک کے انتظام کیلئے ذمہ دار ہے۔سال 2024-25سے جموں و کشمیر پولیس کا بجٹ مرکزی بجٹ کا حصہ رہا ہے جبکہ مرکزی حکومت نے جموں و کشمیر پولیس کے بجٹ پر قبضے کو مالی خیرات کا ایک عمل قرار دیا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے دلیل دی ہے کہ اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ جموں و کشمیر طویل مدت تک مرکزی حکومت کے کنٹرول میں رہے گا۔خیال رہے کہ سال 2019 میں، مرکزی حکومت نے جموں و کشمیر کی تنظیم نو ایکٹ کے ذریعے جموں و کشمیر پولیس پر قانون سازی کا اختیار حاصل کیا۔










