محروم طبقے کی فلاح وبہبود حکومت کی اوّلین ترجیح ہونی چاہیے۔لیفٹیننٹ گورنرمنو ج سِنہا
سری نگر//لیفٹیننٹ گورنرمنوج سِنہا نے آج بابائے قوم مہاتما گاندھی کو اُن کی پونیہ تیتھی پر خراج ِعقیدت پیش کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ،’’سچ اور عدم تشدد کے اَصول اور اَقدار جن سے گاندھی جی ہمیشہ وابستہ رہے ہیں وہ زمان و مکان سے بالاتر ہیں۔ وہ آج بھی اتنے ہی اہم ہیں جتنے اُن کی زندگی میں تھے۔ اُنہوں نے اِختلافات کے پُرامن حل اور ہر ہندوستانی کی فلاح و بہبود کے لئے ہماری رہنمائی کی ہے۔‘‘اُنہوں نے گاندھی گلوبل فیملی کے زیر اہتمام شانتی دوت سمیلن میں شرکت کرتے ہوئے فوج کے جوانوں کے اہل خانہ کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور اُن تمام لیڈروں ، بہادروں اور شہیدوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے ہندوستان کی آزاد ی کے لئے خود کو وقف کیا۔منوج سِنہا نے کہا،’’آج ہم جس دُنیا میں رہ رہے ہیں وہ تنازعات کا شکار ہے۔ دُنیا کے بہت سے حصوں میں جاری جارحیت کی وجہ سے معاشروں کو خلل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ایسے میں اَمن اور عدم تشدد کی ضرورت شدت سے محسوس کی جاتی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ اِس صورتحال میں باپو کے نظریات اِنسانیت کو صحیح راستہ دکھائیں گے۔‘‘اُنہوںنے سماج کے ہر طبقے پر زور دیا کہ وہ خود کومہاتما گاندھی کے نظریات اور اَقدار کے لئے وقف کریں اور غریبوں ، نوجوانوں ، خواتین اور کسانوں کو بااِختیار بنانے کے مقصد کے لئے متحد ہوں اور وِکست بھارت کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے میں اپنا گرانقدر تعاون کریں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ،’’پوجیا باپو نے ایک بار کہا تھا کہ ان کی زندگی کا مشن ہر آنکھ سے آنسو پونچھنا ہے۔ یہ ہماری زندگی کا نصب العین ہونا چاہیے۔ پسماندہ طبقے کی فلاح و بہبود حکومت کی اوّلین ترجیح ہونی چاہیے اورمعاشرے کی اِجتماعی طاقت کو غریب ترین طبقے کو ترقی کے مرکزی دھارے میں لانا چاہیے۔‘‘اُنہوںنے گاندھی گلوبل فیملی جموںوکشمیر کی گاندھیائی اَقدار کو فروغ دینے اور سچائی، عدم تشدد اور سماجی ہم آہنگی کے عظیم پیغام کو پھیلانے کی مسلسل کوششوں کی ستائش کی۔اُنہوں نے گاندھی گلوبل فیملی جموں و کشمیر کے صدر پدم شری ڈاکٹر ایس پی ورما کے مطالبے کا جواب دیتے ہوئے یقین دِلایا کہ گاندھی جینتی کی تقریبات پورے جموں و کشمیر میں ماضی کی روایت کے مطابق جاری رہیں گی۔ اُنہوں نے کہا کہ اِنسانیت باپو کے نظریات پر عمل کرتے ہوئے ہی جموں و کشمیر ، ملک اور دُنیا میں اَمن ، ہم آہنگی اور ترقی کے صحیح راستے اور مقصد کو حاصل کرسکتی ہے۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر کو گاندھی گلوبل فیملی کی طرف سے شانتی دوت سمان سے نوازا گیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے پدم شری ایوارڈ یافتہ جن میں ڈاکٹر ایس پی ورما، پروفیسر وشو مورتی شاستری، ڈاکٹر جتیندر اودھمپوری اور رومالو رام شامل ہیں اور ہونہار طلبأ اور نوجوانوں کو گاندھی دوت سمان سے بھی نوازا۔اِس موقعہ پر بابائے قوم اور ہندوستان کی آزادی کی جدوجہد میں عظیم قربانیاں دینے والے شہیدأکے احترام میں دو منٹ کی خاموشی اِختیار کی گئی۔ گاندھی جی کے وژن، نظریات اور فلسفے کو برقرار رکھنے اور فروغ دینے کا عہد بھی لیا گیا۔اِس موقعہ پرچیف سیکرٹری اَتل ڈولو،اے ڈِی جی پی جموں آنند جین، ،صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار، سول، اِنتظامیہ، پولیس اور سیکورٹی فورسز کے ریٹائرڈ اور حاضر سروس اَفسران، گاندھی گلوبل فیملی کے اَرکان، شہدأکے اہل خانہ اور مجاہدین آزادی، مختلف سماجی تنظیموں کے نمائندگان اور طلبا ٔ بڑی تعداد میں موجود تھے۔اِس کے علاوہ اِس موقعہ پر یودھویر سیٹھی، رُکن قانون ساز اسمبلی جموں ایسٹ،رُکن قانون ساز اسمبلی رام بن ارجن سنگھ راجو اور ممتاز شہری بھی موجود تھے۔










