ممبئی اوٹی ایم میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جموںوکشمیر کی سیاحتی ترقی اور ثقافتی نمائش کی قیادت کی

ممبئی اوٹی ایم میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جموںوکشمیر کی سیاحتی ترقی اور ثقافتی نمائش کی قیادت کی

جموںوکشمیر ٹوراِزم پویلین کا دورہ کیا اور سیاحت او رتجارتی شراکت داروں کے ساتھ بات چیت کی

ممبئی//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آج یہاں جیو ورلڈ کنونشن سینٹر میں منعقدہ ایشیا کے سب سے بڑے ٹریول ٹریڈ شو آؤٹ باؤنڈ ٹریول مارٹ (او ٹی ایم) 2025 ء میں جموں و کشمیر ٹوراِزم پویلین کا دورہ کیا۔یہ ایونٹ 30 ؍جنوری سے یکم؍ فروری تک جاری رہے گاجس میں دُنیا بھر سے نمائش کنندگان اور خریداروں کو اِکٹھا کیا گیا ہے اورمختلف مقامات کو اَپنی منفرد پیش کشوں کو دِکھانے کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا گیا ہے۔اِس برس جموں و کشمیر نے 120 سیاحتی تجارت اور ٹریول آپریٹروں کی شرکت کے ساتھ ایک زبردست اَثر چھوڑا جس سے خطے کی بے مثال سیاحتی صلاحیت کو اُجاگر کیا گیا۔اِس پویلین میں ورثہ کو پیش کیا گیا جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ جموںوکشمیر دُنیا بھر کے سیاحوں کے لئے ایک لازمی سیاحتی مقام ہے۔وزیر اعلیٰ نے اَپنے دورے کے دوران ٹریول آپریٹروں، کاریگروں اور ٹورسٹ آفیسروں سمیت شراکت داروںسے بات چیت کی اور ان کی شرکت کے لئے کئے گئے انتظامات کے بارے میں دریافت کیا۔ اُنہوں نے پویلین کا تفصیلی معائینہ بھی کیا اور جموں و کشمیر کی متنوع پیشکشوں کو تخلیقی اَنداز میں پیش کرنے کی کوششوں کو سراہا۔وزیراعلیٰ نے سیاحت کے فروغ کے لئے حکومت کے عزم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سیاحت اُن کی حکومت کی اوّلین ترجیح ہے اور جموں و کشمیر کو عالمی سیاحتی مرکز کے طور پر پیش کرنے کے لئے وقف ہے۔ وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا،’’ او ٹی ایم جیسی تقریبات میں ہماری شرکت اس وژن کے حصول کی جانب ایک قدم ہے۔‘‘اُنہوں نے محکمہ سیاحت کو ہدایت دی کہ وہ ملک بھر اور بین الاقوامی سطح پر بڑے ٹریول مارٹس میں سرگرمی سے حصہ لے کر زیادہ سے زیادہ رَسائی کو یقینی بنائیں۔وزیراعلیٰ نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ ان کی حکومت سیاحتی صنعت کو سپورٹ کرنے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہے کہ جموں و کشمیر عالمی سطح پر پروان چڑھاتے رہے۔دورے کے دوران وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے ہمراہ وزیراعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، وزیراعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری دھیرج گپتا، ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر اور ایم ڈی جے کے ٹی ڈی سی بھی تھے۔اِس موقعہ پر شراکت داروں نے تعاون دینے اور جموں و کشمیر میں زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو راغب کرنے کے بارے میں اُمید کا اظہار کیا۔