rain

ایک ہفتہ تک بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کے بیچ شبانہ درجہ حرارت میں پھر کمی درج

سرینگر میں منفی5.5 ڈگری ،پہلگام میں منفی 6.4اور گلمرگ میں شبانہ درجہ حرارت منفی 5.2ڈگری سیلشس درج

سرینگر // محکمہ موسمیات کی جانب سے بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کے بیچ شبانہ درجہ حرارت میں ایک مرتبہ پھر کمی آئی ہے ۔وادی کشمیر میں شبانہ سردیوں کا زور جاری ہے جس کے چلتے سرینگر میں منفی5.5 ڈگری سینٹی گریڈ ،پہلگام میں منفی 6.4اور گلمرگ میں شبانہ درجہ حرارت منفی 5.2ڈگری سیلشس درج کیا گیا ۔ سی این آئی کے مطابق وادی کشمیر میں آنے والے کچھ دنوں تک محکمہ موسمیات نے برفباری اور بارشوں کی پیشگوئی کی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 48 گھنٹوں میں کچھ ایک مقامات پر بارش جبکہ اس کے بعد مزید دو دنوں تک وسیع پیمانے پر بارش اور برفباری کا مکان ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 29جنوری کو، عام طور پر ابر آلود موسم کے ساتھ کافی ہلکی سے درمیانی بارش اور کئی مقامات پر برف باری کی توقع ہے۔اس کے بعد 30اور 31جنوری کو ابر آلود موسمی صورتحال کے بیچ کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش یا برفباری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ یکم سے تین فروری تک کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش یا برفباری کا امکان ہے۔موسمیات کے ماہر نے ایک ایڈوائزری بھی جاری کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ موجودہ نظام کی وجہ سے بالخصوص 29سے 31 جنوری کے دوران اونچی اور اہم گزرگاہوں جیسے سنتھن پاس، مغل روڈ، سادھنا، رازدان پاس، زوجیلا وغیرہ کی سڑکیں عارضی طور پر بند ہو سکتی ہیں۔اسی دوران محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رات کے درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی گئی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ شہرہ آفاق گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.2 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ جنوبی کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی6.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.3 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح سے پلوامہ، کولگام اور شوپیاں اضلاع میں شبانہ درجہ حرارت بالترتیب منفی6.1 ڈگری سینٹی گریڈ، منفی3.7 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی6.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق خطہ لداخ میں بھی سردیوں کا زور جاری ہے جس دوران لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی11.7 ڈگری سینٹی گریڈ ،کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی14.3 ڈگری سینٹی گریڈ اور دراس میں شبانہ درجہ حرارت منفی22.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔