جموں// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے شب معراج کے مبارک موقعہ پر جموں و کشمیر کے لوگوںکو دلی مبارکباد پیش کی ہے ۔شب معراج وہ معجزاتی سفر ہے جس سفرمیں حضرت محمدﷺنے آسمانوں کی سیر کی اور اللہ تعالیٰ کی بے شمار نشانیوں کا مشاہدہ کیا ہے۔اَپنے تہنیتی پیغام میں وزیراعلیٰ نے اس مقدس واقعہ کی گہری اہمیت کو اُجاگر کیا اور کہاکہ یہ واقعہ معراج حضرت محمدﷺ کی صداقت، عظمت اور اللہ تعالیٰ کے ساتھ بے پناہ محبت و عقیدت کی تصدیق کرتا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ شب معراج پیارے نبی ﷺ کی بے مثال صداقت، دیانت داری اور روحانی عظمت کی دلیل ہے۔اِس مبارک موقعہ پر وزیراعلیٰ نے جموں و کشمیر میں امن ، خوشحالی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لئے دعا کی۔اُنہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ نبی اَکرم ﷺکی تعلیمات پر عمل کریں تاکہ ایک ایسے معاشرے کی تعمیر کی جا سکے جس کی جڑیں ہمدردی، رواداری اور اتحاد پر مبنی ہوں۔










