ستیش شرما نے آر ٹی او آفس جموں کا اچانک دورہ کیا

فروٹ و ویجی ٹیبل منڈی کا بھی دورہ کیا اور تاجروں کے مسائل سنے

جموں//وزیر برائے ٹرانسپورٹ ،خوراک ، شہری رسدات و اَمورصارفین ، اَمورِ نوجوان و کھیل کود ، اِنفارمیشن ٹیکنالوجی ، سائنس اورٹیکنالوجی تیش شرما نے آج نروال میں ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر (آر ٹی او) جموں کے دفتر کا اچانک دورہ کیا اور اس کے کام کاج کا جائزہ لیا۔اُنہوںنے ہر کاؤنٹر کا معائینہ کیا اور متعلقہ ڈیلنگ اسسٹنٹوں سے بات چیت کی تاکہ اُنہیں فراہم کی جانے والی خدمات کی نوعیت کو سمجھا جاسکے۔ستیش شرما نے عملے کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے مقررہ وقت کے اندر عوامی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے عملے کے وقت اَپنی اَپنی نشستوں پر موجود ہونے اور اَپنے فرائض سر اَنجام دینے پر اطمینان کا اظہار کیا۔اُنہوںنے پورے احاطے کا چکر لگایا اور بنیادی ڈھانچے کا معائینہ کیا اور نظام میں مکمل شفافیت کو یقینی بنانے اور مسائل کو تیزی سے نمٹانے کے لئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا بہترین اِستعمال کرنے کی ہدایت دی۔وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت مذہبی مقامات اور دیگر سیاحتی مقامات کے لئے مسافروں کے سفر کے لئے زیادہ سے زیادہ پبلک ٹرانسپورٹ چلائے گی۔ اُنہوں نے لوگوں سے بات چیت کی اور وہاں دستیاب کام کاج اور سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔اُنہوں نے آر ٹی او دفتر کے باہر واقع دکانوں کا بھی دورہ کیا اور انہیں ہدایت دی کہ وہ مقررہ فیس سے زیادہ کوئی اضافی رقم وصول نہ کریں۔ اُنہوں نے عوام کو بغیر فیس کی خدمات استعمال کرنے کے بارے میں تعلیم دینے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ وہ کسی بھی اے آر ٹی او اور آر ٹی او دفاتر کا دورہ کئے بغیر اپنے گھروں میں آرام سے خدمات تک رَسائی حاصل کرسکیں۔وزیرٹرانسپورٹ نے محکمہ کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ عوام کوبغیر کسی رُکاوٹ کے اور بغیر فیس خدمات فراہم کرے گا اور کسی بھی دفتر کے جسمانی دوروں کی ضرورت کو ختم کرے گا۔بعد میں ستیش شرما نے فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل منڈی نروال کا دورہ کیا اور جموں فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے ممبران سے بات چیت کی اور ان کے مسائل بغور سنے۔ اُنہوںنے اُنہیں یقین دِلایا کہ اُن کے تمام جائز مطالبات کو مرحلہ وار پورا کیا جائے گا۔