گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن نے یوم جمہوریہ منایا

سری نگر//گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن (جی سی او ای)ایم اے روڈسری نگر میں آج 76 واں یوم جمہوریہ حب الوطنی اور جوش وجذبے کے ساتھ منایا گیا۔نوڈل پرنسپل کشمیر ڈویژن کالجز اور پرنسپل جی سی او ای پروفیسر (ڈاکٹر) سیما ناز نے قومی پرچم لہرایا اور سلامی لی۔تقریب میں کالج کے عملے بشمول تدریسی اور غیر تدریسی اَفراد کے علاوہ کالج طلبأ نے بھی شرکت کی۔ڈاکٹر سیماناز نے اَپنے خطاب میں 76 ویں یوم جمہوریہ کے موقعے پر موجود تمام لوگوں کو نیک خواہشات کا اِظہار کیا۔اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ 1950 میں آج ہی کے دِن ہندوستانی آئین نافذ ہوا جس نے جمہوری ہندوستان کی بنیاد رکھی ۔ڈاکٹر ناز نے اِس دن کے موضوع ’’سوارنم بھارت: میراث اور وکاس‘‘ (گولڈن اِنڈیا: ہیرٹیج اینڈ پروگریس) پر اِظہار خیال کرتے ہوئے ملک کے شاندار ثقافتی ورثے اور ترقی میں اس کی قابل ذکر پیش رفت پر روشنی ڈالی۔ اُنہوں نے فیکلٹی پر زور دیا کہ وہ جدید تحقیق میں مشغول رہیں اور نئے دور کی ٹیکنالوجی کے محاذوں کو تلاش کریں جس کا مقصد اہم معاشرتی مسائل کا حل تلاش کرنا ہے۔اُنہوں نے ملک کی ترقی میں تعلیمی اِداروں کے اہم رول اور ہندوستان کے مستقبل کی تشکیل کے لئے ان کی ذمہ داری پر بھی روشنی ڈالی۔