ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر نے معراج النبی ﷺکی تقریب سعید کے سلسلے میں اِنتظامات کو حتمی شکل دی

محکموں کو مذہبی تقریب کے پُر اَمن اِنعقاد کیلئے خصوصی اِنتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت

سری نگر / /ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے آنے والے معراج النبی ﷺ کے سلسلے میںڈی سی آفس کمپلیکس کے میٹنگ ہال میں ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں تمام متعلقہ محکموں کی جانب سے اِس مقدس تقریب سعید کے پُرامن اِنعقاد کے لئے کئے جانے والے اِنتظامات کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنروں ،آر ٹی او کشمیر، سپراِنٹنڈنٹ آف پولیس، ٹریفک، سیکورٹی، جوائنٹ کمشنر ایس ایم سی، سپراِنٹنڈنٹ انجینئر آر اینڈ بی، پی ڈی ڈی، ایس ڈی ایم ایسٹ، چیف میڈیکل آفیسر،انفارمیشن، فائر اینڈ ایمرجنسی، پی ایچ ای، جے کے آر ٹی سی اور دیگر متعلقہ محکموں کے سینئر افسران کے علاوہ جموں و کشمیر وقف بورڈ کے ایگزیکٹو مجسٹریٹ اوربقعہ عالیہ آثارشریف حضرت بل اور جناب صاحب صورہ کے انتظامی ممبران نے شرکت کی۔ میٹنگ کے شروعات میں ضلع ترقیاتی کمشنر نے معراج النبی ﷺکے ایام مبارکہ میں بجلی، پانی کی فراہمی، صفائی ستھرائی، فائر سروس، ٹرانسپورٹ، پارکنگ اور طبی سہولیات وغیرہ کے حوالے سے کئے جانے والے اِنتظامات کے بارے میں متعلقہ محکموں سے تفصیلی ایکشن پلان طلب کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ 26 تا 27 رجب المرجب 1446ھ کی درمیانی شب یعنی 27 تا 28 ؍جنوری 2025ء کی درمیانی شب اور اس کے بعد 31؍ جنوری 2025ء بروز جمعۃ المبارک کی درمیانی شب کے دوران عقیدت مندوں کے لئے درگاہ حضرت بل میں پُر وقار تقریب سعید کے پُرامن اِنعقاد کے لئے خصوصی اِنتظامات کو یقینی بنائیں۔ٹرانسپورٹ کی مناسب دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے آر ٹی او سے کہا گیا کہ وہ معراج النبیﷺ کے مقدس ایام کے دوران عقیدت مندوں کے لئے بالخصوص رات اور صبح کے اَوقات میں ٹرانسپورٹ کے بہتر اِنتظامات کریں اور عمر رسیدہ اور جسمانی طور پر معذور افراد کے لئے پارکنگ سلاٹوں سے زیارت گاہ تک اِی۔ رکشا کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے بجلی کی فراہمی کے حوالے سے پی ڈی ڈی انجینئرز کو ہدایت دی کہ وہ رات کی نماز وں اورزیارت گاہ درگاہوں میں دِن بھر بغیر کسی رُکاوٹ کے بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور بجلی کے کسی بھی بریک ڈاؤن سے نمٹنے کے لئے مناسب پاور بیک اَپ رکھیں۔اِس سلسلے میں ضلع ترقیاتی کمشنر کو جانکاری دی گئی کہ اس کے علاوہ 400 کے وی اے جن سیٹ اور 20 کے وی اے یو پی ایس کو بیک اپ کے طور پر رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی خرابی کے دوران بجلی کی فراہمی فراہم کی جاسکے تاکہ عقیدت مندوں کو کسی قسم کی مشکل اور دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اِسی طرح ضلع ترقیاتی کمشنر نے پی ایچ ای حکام کو ہدایت دی کہ زیارت گاہ پر پانی کی وافر فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عقیدتمندوںکو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اُنہوں نے اُنہیں ہدایت دی کہ وہ طلب کو پورا کرنے کے لئے احاطے میں کافی تعداد میں پانی کے ٹینکر رکھیں۔اسی طرح اُنہوں نے ایس ایم سی افسران کو ہدایت دی کہ وہ زیارت گاہ کے ارد گرد صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کے لئے مقام پر کافی تعداد میں افراد اور مشینری تعینات کریں۔ انہیں زیارت گاہ کے ارد گرد آوارہ کتوں کے خطرے کو روکنے کے لئے ٹھوس میکانزم کے علاوہ موبائل بیت الخلاء کے قیام کے لئے اقدامات کرنے کے لئے بھی کہا گیا ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے تقریب سعید کے موقعہ کے آغاز سے قبل تمام غیر فعال سٹریٹ اورماس لائٹس کو اچھی طرح فعال بنانے پر بھی زور دیا۔محکمہ صحت کے حکام سے کہا گیا ہے کہ وہ بقعہ عالیہ حضرت بل کے احاطے میں مناسب تعداد میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈکس پر مشتمل میڈیکل کیمپ قائم کریں۔ اس کے علاوہ درگاہ حضرت بل کے احاطے میں ایمبولینس سروس اور دیگر ابتدائی طبی سہولیات بھی فراہم کی جائیں تاکہ طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔دریں اثناضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر نے جناب صاحب صورہ ، آثارِ شریف کلاشپورہ ، سونہ وارمیں حضرت میر سیّد یعقوب صاحبؒ کی زیارت گاہ اور دیگر اہم مذہبی مقامات پر کئے جانے والے انتظامات کا بھی جائزہ لیا اور معراج النبیﷺکے موقعہ پر عقیدت مندوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔