ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ٹرانسفارمروں کے بفر سٹاک کی دستیابی اور بجلی کی فراہمی کیلئے اَفسران کو ہدایت
جموں / /وزیر برائے صحت اور طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے آج ضلع کولگام میں پاور سیکٹر کے منظر نامے کا جائزہ لینے کے لئے ایک ورچیوئل میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام اطہر عامر خان ، چیف اِنجینئر ڈسٹری بیوشن کے پی ڈی سی ایل عاقب سلطانہ، سپراِنٹنڈنٹ اِنجینئر کے پی ڈِی سی ایل کولگام، ایگزیکٹیو انجینئرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔دورانِ میٹنگ سکینہ اِیتو نے عوام کی پریشانیوں کو دور کرنے کے لئے مؤثر بجلی کی فراہم کو بالخصوص جاری سخت سردی کے موسم میں برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ شیڈول کے مطابق بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کی ضروریات پوری کی جا سکیں۔وزیر موصوفہ نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ بجلی کے شیڈول میں شفافیت کو برقرار رکھیں اور بجلی کی بندش یا رُکاوٹوں کے حوالے سے عوام کو بروقت رابطے کو یقینی بنائیں۔ اُنہوں نے زور دے کر کہا، ’’بجلی کی فراہمی بالخصوص سردیوں کے دوران ایک بنیادی ضرورت ہے اور ہمیں اِس سے متعلق مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘سکینہ ایتو نے پیک لوڈ کے اوقات میں ٹرانسفارمروںکے بار بار خراب ہونے کاجائزہ لیتے ہوئے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ ٹرانسفارمروں اور دیگر ضروری آلات کا مناسب بفر سٹاک برقرار رکھیں تاکہ ایمرجنسی صورتحال سے نمٹا جاسکے۔اُنہوں نے کہا ،’’ ٹرانسفارمروں کی فوری تبدیلی اور مرمت کا طریقہ کار قائم کیا جائے تاکہ رُکاوٹوں کو کم سے کم کیا جاسکے اوربالخصوص دیہی اور دُور دراز علاقوں میں بجلی کی خرابیوں کے اثرات کو کم کیا جاسکے۔‘‘وزیر موصوفہ نے ضلع میں ری ویمپڈ ڈسٹری بیوشن سیکٹر سکیم (آر ڈِی ایس ایس) کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے افسران پر زور دیا کہ وہ ضلع بھر میں بجلی کے بنیادی ڈھانچے پر زیرِ اِلتوا ٔ بحالی اور اَپ گریڈیشن کے کاموں میںتیزی لائیں۔ اُنہوں نے پاور سیکٹر میں بار بار آنے والے مسائل سے نمٹنے کے لیے طویل المدتی منصوبہ بندی اور مضبوط حکمت عملی کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔اُنہوںنے افسران سے مزید کہا کہ وہ ضلع میں ریسونگ سٹیشنوں کو بڑھایا جائے کیوں کہ موجودہ ریسونگ سٹیشن پربہت زیادہ لوڈ ہیں۔ اُنہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ آر ڈی ایس ایس سکیم کے تحت ضلع میں ریسونگ سٹیشنوں کو اَپ گریڈ کریں اور اُ ن کی تعداد میں اِضافہ کریں۔وزیر موصوفہ نے ضلع کے عوام کی طرف سے اُٹھائے گئے متعدد مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے افسران پر زور دیا کہ وہ دُور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کے لئے منظور شدہ لوڈ میں کمی کریں کیوں کہ اُنہیں خراب موسمی حالات کی وجہ سے بار بار بجلی کی کٹوتی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اُنہوں نے افسران کو مزید مشورہ دیا کہ وہ استعمال شدہ بجلی کے مطابق اپنے بجلی کنکشن رجسٹر کریں تاکہ ان پر بجلی کے بلوں کا بوجھ کم ہو۔دورانِ میٹنگ ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام نے وزیر موصوفہ کو ضلع کے پاور سیکٹر کے مجموعی صورتحال سے آگاہ کیا۔










