cold in kashmri

چلہ کلان کے 30دن مکمل ہونے کے باوجو د ٹھٹھرتی سردی جاری ، بیشتر مقامات پر درجہ حرارت میں کمی

24گھنٹوں کے دوران بالائی اور میدانی علاقوں میں ہلکی بارشوں اور برفباری کا امکان / محکمہ موسمیات

سرینگر// چلہ کلان کے 30دن مکمل ہونے کے باوجو د وادی کے لوگوں کو ٹھٹھرتی سردیوں سے کوئی راحت نصیب نہیں ہو رہی ہے تاہم کچھ علاقوں میں تازہ بارش اور برفباری کے باعث رات کے درجہ حرارت میں معمولی بہتری دیکھنے کو ملی ہے ۔ ادھر محکمہ موسمیات نے آئندہ کچھ دنوں تک بالائی اور میدانی علاقوں میں ہلکی بارشوں کی پیشگوئی کی ہے ۔سی این آئی کے مطابق شہرہ آفاق گلمرگ سمیت وادی کے کچھ دیگر علاقوں میں دوران شب تازہ برفباری اور میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئی ہے ۔ ابر آلود موسم کے چلتے رات کے دوران بیشتر مقامات پر ہلکی برفباری ریکارڈ کی گئی جبکہ دکچھ علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہا ۔ خراب موسمی صورتحال کے چلتے وادی کشمیر کے بیشتر حصوں کے ساتھ ساتھ جموں کے بانہال اور بھدرواہ علاقوں میں تازہ برفباری ہوئی ۔ کئی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش اور برفباری سے سردی کی شدید لہر سے کچھ راحت ملی۔محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں رات کا درجہ حرارت 1.0 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، جب کہ دیگر علاقوں جیسے قاضی گنڈ میں منفی 1.6ڈگری سیلشس اور کپواڑہ میں 1ڈگری سیلشس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے مزید کہا کہ شہرہ آفاق گلمرگ میں رات کا درجہ حرارت منفی 3.2جبکہ جنوبی کشمیر کے مشہور سیاحتی مقام پہلگا م میں رات کا درجہ حرارت منفی 2.2ڈگری سیلشس درج ہوا ۔ ادھر محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ایک اور کمزور مغربی ڈسٹربنس کی وجہ سے، جموں اور کشمیر کے کچھ حصوں میں بدھ تک بارشیں یا برف کی ہلکی سرگرمیاں جاری رہ سکتی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے پہلے ہی پیشگوئی کی ہے 21سے 23 جنوری تک درمیانی اور اونچے علاقوں میں بڑے پیمانے پر درمیانے سے بھاری برفباری کی توقع ہے۔انہوں نے کہا کہ اگلے 24 گھنٹوں میں، عام طور پر ابر آلود موسم کی توقع ہے اور جموں و کشمیر میں ہلکی برفباری اور بارش کے امکانات ہیں۔انہوں نے کہا کہ 22سے 23جنوری تک میدانی علاقوں میں بڑے پیمانے پر درمیانے درجے کی برفباری اور جموں کے کچھ علاقوں میں بارشیں ہونے کا امکان ہے ۔