راجوری//نائب وزیر اعلیٰ مسٹر سریندر چودھری نے آج بدھل گاؤں کا دورہ کیا اور تین خاندانوں کے 16 افراد کی المناک موت سے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی ۔ انہوں نے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کو اس مشکل وقت میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے غیر متزلزل تعاون کا یقین دلایا ۔ یاد رہے کابینہ کے وزراء سکینہ ایتو اور جاوید رانا پہلے ہی گاؤں کا دورہ کر کے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کر چکے ہیں ۔ اس دوران ضلعی انتظامیہ متاثرہ خاندانوں اور کمیونٹی کو راشن اور پانی سمیت ضروری سامان فراہم کر رہی ہے ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ طبی ٹیمیں علاقے میں دستیاب ہیں اور کسی بھی خدشات کو دور کرنے کیلئے انتھک کام کر رہی ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پولیس کی طرف سے تشکیل دی گئی ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم ان بدقسمت اموات کی وجوہات کی تحقیقات کر رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ ذاتی طور پر صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں اور اموات کی وجوہات کا پتہ لگانے کیلئے ہر کوشش کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ ہر شہری کی فلاح و بہبود حکومت کا عزم ہے ، انہوں نے کہا کہ عوام کو گھبرانا نہیں چاہئیے ہم اپنے لوگوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کیلئے مضبوطی سے کھڑے ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر راجوری ، ایم ایل اے بدھل جاوید اقبال چودھری ، اے ڈی سی راجوری اور تمام ضلعی افسران نے نائب وزیر اعلیٰ کے ساتھ بدھل گاؤں کے دورے کے دوران متاثرہ خاندانوں کی مدد کیلئے مربوط کوششوں کو یقینی بنایا ۔










