Satish Sharma calls on Union Minister_ discusses issues regarding road, transport infra in J&

ستیش شرما نے سڑک ، ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کے مرکزی وزیر سے ملاقات کی

جموں و کشمیر میں سڑک ، ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا

نئی دہلی//وزیر برائے ایف سی ایس اینڈ سی اے ، ٹرانسپورٹ ، یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ، آئی اینڈ ٹی ، اے آر آئی اینڈ ٹریننگ مسٹر ستیش شرما نے آج نئی دہلی میں سڑک ، ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کے مرکزی وزیر نتن گڈکری سے ملاقات کی اور جموں و کشمیر میں سڑک کے بنیادی ڈھانچے اور نقل و حمل سے متعلق ترقیاتی منظر نامے پر تبادلہ خیال کیا ۔ ابتداء میں وزیر نے علاقے کی ترقی کیلئے دی جانے والی تمام حمایت کیلئے اظہار تشکر کیا اور مرکزی وزیر کو جموں و کشمیر میں سڑکوں کے نیٹ ورک کے بارے میں آگاہ کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر ایک پہاڑی خطہ ہونے کی وجہ سے دور دراز علاقوں کو ترقی دینے کیلئے اچھی سڑکوں کے رابطے کی ضرورت ہے جو کہ قومی سلامتی کے حوالے سے بھی مفید ثابت ہو گی ۔ وزیر نے جموں و کشمیر میں کئی سڑکوں ، شاہراہوں اور پلوں کی تعمیر اور مرمت کا ذکر کرتے ہوئے ایک میمورنڈم بھی پیش کیا ۔ ستیش شرما نے سرحدی علاقوں خاص طور پر اکھنور چھمب اور کپواڑہ اوڑی ( بارڈر ٹرانسپورٹیشن ) میں سڑک کے رابطوں کو فور لیننگ /اپ گریڈ کرنے اور دور دراز اور سرحدی دیہاتوں کیلئے پردھان منتری گرام سڑک یوجنا ( پی ایم جی یس وائی ) کے تحت مختص کرنے میں اضافہ کرنے پر بھی زور دیا ۔ وزیر نے مختلف دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جن میں جاری ٹنل پراجیکٹس کی جلد تکمیل اور مختلف مقامات پر نئی سرنگوں کی منظوری ، خاص طور پر برف سے منسلک علاقوں میں بجلی کی ترسیل میں مدد فراہم کرنا شامل ہے ۔ اس کے علاوہ وزیر موصوف نے جموں اور کشمیر میں سڑکوں کو بہتر بنانے اور سڑکوں کے کئی نئے پروجیکٹوں کی مانگ بھی مرکزی وزیر کے سامنے رکھی ۔ مرکزی وزیر نتن گڈکری نے کہا کہ جموں و کشمیر کی ترقی کے بغیر وکست بھارت کا وژن حاصل نہیں کیا جا سکتا کیونکہ قومی ترقی کی پالیسی میں اس کا اہم مقام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت خطے میں مضبوط سڑکوں اور شاہراہوں کے بنیادی ڈھانچے کیلئے پرعزم ہے اور وزیر ستیش شرما کے پیش کردہ پروجیکٹوں پر غور کرنے کا یقین دلایا ۔