manooj sinha

کشمیر کو کنیا کماری سے ریلوے نیٹ ورک کے ذریعے جوڑنا ایک خواب تھا جو سچ ہو گیا

وندے بھارت ٹرینیں لوگوں کے سفر کی رہنمائی کر رہی ہیں اور کشمیر پہنچنے کیلئے تیار ہیں/ لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا

سرینگر // کشمیر کو کنیا کماری سے ریلوے نیٹ ورک کے ذریعے جوڑنا ایک خواب تھا اور یہ سچ ہو گیا ہے کی بات کرتے ہوئے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت لوگوں کے خوابوں کو مقررہ وقت کے اندر پورا کر رہی ہے۔ سی این آئی کے مطابق جموں میں نئے ریلوے ڈویژن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے جموں و کشمیر پر خصوصی توجہ دینے کیلئے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر ریلوے کا شکریہ ادا کیا ۔ اپنے خطاب کے دوران لیفٹنٹ گورنر نے کہا ’’وزیر اعظم مودی کی قیادت والی حکومت لوگوں کے خوابوں کو مقررہ وقت کے اندر پورا کر رہی ہے۔ کنیا کماری ریل رابطہ ایک اور تاریخی کامیابی ہے‘‘۔منوج سنہا نے جموں و کشمیر پر خصوصی توجہ دینے پر وزیر اعظم مودی اور مرکزی وزیر ریلوے کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے مزید کہا ’’وندے بھارت ٹرینیں لوگوں کے سفر کی رہنمائی کر رہی ہیں اور کشمیر پہنچنے کے لیے تیار ہیں۔ جموں دنیا کا ایک بہترین ریلوے سٹیشن بن جائے گا اور بہت کچھ ہونے والا ہے۔ ‘‘ انہوں نے دریائے چناب پر دنیا کے سب سے اونچے ریلوے پل کی اہمیت پر زور دیا، جو انجینئرنگ کا ایک کمال اور ہندوستان کی ترقی کی علامت ہے۔منوج سنہا نے اس بات پر زور دیا کہ مودی حکومت کے ویژن کے تحت اہم صنعتی شکل اختیار کرنے کے ساتھ، جموں و کشمیر میں بہتر رابطے نے پہلے ہی نتائج دینا شروع کر دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے نیٹ ورک جموں و کشمیر سے ہندوستان کے دیگر حصوں تک سامان کی نقل و حرکت میں سہولت فراہم کرے گا، جس سے مقامی کاروباروں اور کاریگروں کے لیے نئی منڈیاں پیدا ہوں گی۔اپنے خطاب میں انہوں نے بی جے پی کے سینئر لیڈروں دیویندر رانا اور سنیل شرما کو زبردست خراج تحسین پیش کیا، اور جموں و کشمیر کے خدشات کو وزارت ریلوے کی توجہ دلانے میں ان کی کوششوں کا اعتراف کیا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے جموں میں ایک نئے ریلوئے ڈویژن کا ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کیا ۔ اس موقعہ پر مرکزی وزیر ریلوئے اشونی ویشنو اور مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ کے علاوہ جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ بھی جموں میں موجود تھے ۔