سال رفتہ میں مختلف اضلا ع میں 410599 چالان جاری ،123980331 روپے جرمانہ کے بطور وصول
سرینگر / ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سختی سے نمٹتے ہوئے ٹریفک پولیس رولر کشمیر نے سال رفتہ کے دوران مختلف اضلا ع میں 410599 چالان جاری کیے جبکہ 123980331 روپے کی آمدنی مجموعی طور پر جرمانے کے بطور حاصل کی گئی ۔ اسی دوران ٹریفک پولیس رولر کشمیر کے ایس ایس پی آر پی سنگھ نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی قطی طو ر پر برداشت نہیں کی جا سکتی ہے اور ملوثین کیخلاف کارورائی جاری رہے گی ۔ سی این آئی کے مطابق ٹریفک کی خلاف ورزیوں کے خلاف اپنی تیز مہم میں ٹریفک دیہی کشمیر کے محکمہ نے سال 2024 کے دوران اپنے دائرہ اختیار کے تحت کشمیر کے مختلف اضلاع میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر کم از کم 410599 چالان جاری کیے ہیں۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ٹریفک پولیس رولر کشمیر نے 30 دسمبر تک کشمیر کے مختلف علاقوں میں مختلف ٹریفک خلاف ورزیوں کیلئے 410599 چالان جاری کیے ہیں۔ ان میں 157400 عدالتی چالان اور 253199 کمپاؤنڈ چالان شامل ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق ٹریفک پولیس رولر نے یکم جنوری 2024 سے 30 دسمبر 2024 تک مجموعی طور پر 123980331 روپے کی آمدنی بطور جرمانہ حاصل کر لی ہے ۔ اس کل جرمانے میں سے 7294381 روپے عدالتی جرمانہ جبکہ 116587400 روپے کمپاؤنڈ جرمانہ کے علاوہ 98550 روپے کرین چارجز ہیں۔اس دوران ٹریفک پولیس نے 3479 گاڑیاں بھی ضبط کیں۔ ان 1523 میں دو پہیہ گاڑیاں، 87 تھری وہیلر اور 1869 چار پہیہ گاڑیاں شامل ہیں۔اس کے علاوہ ٹریفک پولیس نے ٹریفک کی مختلف خلاف ورزیوں پر تقریباً 37 ڈرائیونگ لائسنس، 815 رجسٹریشن سرٹیفکیٹ اور 44 روٹ پرمٹ معطل یا منسوخ کرنے کی سفارش کی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ 3827000 روپے ایچ ایس آر پی جرمانے کے طور پر بھی وصول کیے گئے ہیں۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ٹریفک دیہی کشمیر، رویندر پال سنگھ نے بعض زمروں کے تحت چالان میں اضافے کی وجہ بنیادی طور پر ٹیکنالوجی کی مدد سے نفاذ کی وجہ سے قرار دیا، جو ان کے بقول، خلاف ورزیوں کو آسانی سے پکڑنے میں پولیس کی مدد کر رہی ہے۔ایس ایس پی نے کہا کہ موٹرسائیکلوں اور پیدل چلنے والوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے ٹریفک پولیس تیز رفتار ڈرائیونگ اور اس طرح کی دیگر ٹریفک خلاف ورزیوں کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔انہوں نے کہا ’’دو پہیہ گاڑی کے سواروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ کریش ہیلمٹ پہنیں اور ٹرپل سواری سے گریز کریں، اس کے علاوہ لاپرواہی، خطرناک اور ٹیڑھی گاڑی چلانے میں ملوث نہ ہوں‘‘۔ایس ایس پی ٹریفک دیہی کشمیر نے کہا کہ اموات اور حادثات کے واقعات سال 2023 کے مقابلے میں کم رہے۔ایس ایس پی نے کہا کہ سٹنٹ رائیڈنگ اور ٹریفک کی دیگر خلاف ورزیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کو مزید تیز کیا جائے گا اور اپنی جان کے علاوہ دوسروں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے والے مجرموں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کو نظر انداز کرنے کے ساتھ ساتھ کم عمر ڈرائیورز بھی سڑکوں پر لاپرواہی سے گاڑی چلاتے ہیں جس سے ان کے ساتھ ساتھ دیگر سڑک استعمال کرنے والوں کی زندگیوں کو بھی خطرہ لاحق ہوتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم کم عمر ڈرائیونگ کے خلاف فوری کارروائی کریں گے اور ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر والدین کو مشاورت کے لیے طلب کیا جائے گا اور گاڑیاں ضبط کر لی جائیں گی۔










