SNOW

بھاری برفباری کی پیشگوئی کے بیچ دن بھر آسمان ابر آلود

4سے 6جنوری تک پیر پنچال کے آر پار شدید برفباری کا امکان

سرینگر / چلہ کلان کے سخت ترین تیور کے چلتے وادی کشمیر اور لداخ شدید ٹھنڈ کی لپیٹ میں ہے ۔ صبح کے اوقات گھنٹوں تک دھند کے باعث جہاں معمول کی زندگی متاثر رہتی ہے وہیں شبانہ سردیوں کا راج برقرار ہے ۔ اس دوران محکمہ موسمیات نے پیشنگوئی کی ہے کہ4 اور 5 جنوری کے دوران جموں و کشمیر کے بیشتر مقامات پر بھاری برفباری کا امکان ہے جبکہ 6جنوری کے بعد دوپہر سے موسم میں بہتری آسکتی ہے ۔ سی این آئی کے مطابق دن بھر ابر آلود موسم کے بیچ شدید سردی نے لوگوں کے مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے ۔ رات کا درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے پہنچاکر اہلیان وادی کو کپکپا دیا۔ محکمہ موسمیات کے حکام نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ رات کے دوران مطلع صاف رہنے کے باعث وادی کشمیر میں سردی کی لہر جاری ہے جبکہ آنے والوں دنوں میں شبانہ سردیوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے ۔ محکمہ کے مطابق درجہ حرارت میں کمی ہونے کے ساتھ ہی پوری وادی سخت ترین سردی کے لپیٹ میں آچکی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ وادی کے ساتھ ساتھ لداخ خطہ بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی2.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ اسی طرح سے وادی کے سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.5 ڈگری سینٹی گریڈ اور پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور اسی طرح سے قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی7.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ پلوامہ، اننت ناگ، کولگام اور شوپیاں اضلاع میں شبانہ درجہ حرارت بالترتیب منفی6.1 ڈگری سینٹی گریڈ، منفی7.7 ڈگری سینٹی گریڈ، منفی6.8 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی8.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ زوجیلا پر شبانہ درجہ حرارت منفی24.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔اسی دوران موسمیاتی مرکز سرینگر نے 4 اور 5 جنوری کے دوران جموں و کشمیر کے بیشتر مقامات پر بھاری برف باری کی پیشگوئی کی ہے۔عہدیداروں نے کہا کہ آج جموں و کشمیر کے الگ تھلگ اونچے مقامات پر ہلکی برفباری کے ساتھ موسم ابر آلود رہے گا۔انہوں نے کہا کہ 4 سے 6 جنوری تک جموں کے میدانی علاقوں میں موسم عام طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ جموں و کشمیر کے بیشتر مقامات پر 4 جنوری (رات) سے 5 جنوری (رات گئے) کے دوران زیادہ تر سرگرمی کے ساتھ برفباری ہوگی۔ حکام کا کہنا ہے کہ 6 جنوری کو دوپہر کے بعد موسم بہتر ہونے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد 10جنوری تک موسم ابر آلود اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ عہدیداروں نے مشورہ دیا کہ تازہ برفباری، درجہ حرارت میں کمی اور سڑکوں پر برفیلی صورتحال کے پیش نظر سیاحوں، مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اس کے مطابق منصوبہ بندی کریں اور انتظامیہ اور محکمہ ٹریفک کی ہدایات پر عمل کریں۔ادھر صبح کے اوقات گھنٹوں تک دھند کے باعث جہاں معمول کی زندگی متاثر رہتی ہے کم روشنی کے باعث گاڑیوں کو ہیڈ لائٹس کا استعمال کرنا پڑا ۔