لیفٹیننٹ گورنر نے اَٹل بہاری واجپائی اور مہامنا پنڈت مدن موہن مالویہ کواُن کی یوم ولادت پر خراجِ عقیدت پیش کیا

لیفٹیننٹ گورنر نے اَٹل بہاری واجپائی اور مہامنا پنڈت مدن موہن مالویہ کواُن کی یوم ولادت پر خراجِ عقیدت پیش کیا

کہا، مہامنا پنڈت مدن موہن مالویہ اور اَٹل بہاری واجپائی جی نے ملک کی سوچ و فکر کو بیدار کیا اوراُن کی فراست و بصیرت سے قوم کی سماجی و اِقتصادی تبدیلی کی راہ ہموار ہوئی

جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے سابق وزیرا عظم اٹل بہاری واجپائی اور مہامنا پنڈت مد ن موہن مالویہ کو اُن کی یوم ولادت کے موقعہ پر خراجِ عقیدت پیش کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے غازی پور میں پنڈت مدن موہن مالویہ اِنٹر کالج میں ایک یادگاری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہامنا پنڈت مدن موہن مالویہ اور اٹل بہاری واجپائی نے ملک کی سوچ و فکر کو بیدار کیا۔اُنہوں نے کہا کہ دونوں عظیم رہنماؤں کے نظریات نے ملک کی سماجی و اِقتصادی تبدیلی کی راہ ہموار کی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ مہامناپنڈت مدن موہن مالویہ کی عوامی فلاح و بہبود اور قوم کی تعمیر کے لئے انتھک کوششوں نے خود اَنحصار ، جدید اور متحدہ ہندوستان کے تصور کوتشکیل دیا تھا۔ مہامنا پنڈت مد ن موہن مالویہ کے نظریات نے ملک کی تعلیم ،ٹیکنالوجی اور صنعتی ترقی میں نئی راہیں کھول دی ہیں۔اُنہوں نے اٹل بہاری واجپائی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے قوم کی تعمیر اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے وقف سابق وزیر اعظم کی زندگی بھر کی خدمات و مہمات پر بات کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’ قوم کو ایک فرد کے لئے سپریم ہونی چاہیے۔ اِس کو یقینی بنانے کے لئے اٹل جی نے ہمیں ’اِنڈینا ئزیشن ‘اور’نیشن فرسٹ‘کے اصول دئیے۔ معاشرے کے ہر طبقے کو ملک کو خود کفیل بنانے کے لئے مل کر کام کرنا چاہیے۔‘‘اُنہوں نے عوام بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ خود کومہامنا پنڈت مد ن موہن مالویہ اور اٹل بہاری واجپائی کے نظریات کے لئے خود کو وقف کریں اور ایک ترقی پسند سماج کی تعمیر کی کوشش کریں اور وِکست بھارت کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لئے متحد ہوکر کام کریں۔لیفٹیننٹ گورنرنے کہا کہ ہمیں ماضی میں جینے کی ضرورت نہیں ہے لیکن ہمیں روشن مستقبل کی تعمیر کے لئے تاریخ سے ترغیب لینی ہوگی۔اُنہوں نے اِس بات پر روشنی ڈالی کہ عوامی خدمات کو نچلی سطح تک لے جانے میں نوجوانوں کا بہت اہم رول ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے ہمیں جن بھاگیداری کے لئے ایک نیا فریم ورک تشکیل شروع کرنے اور ہر سطح پر شفافیت اور جوابدہی کے لئے نئی ٹیکنالوجی کا اِستعمال کرنے کی ضرورت ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’اِتحاد ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔ نوجوانوں کوعزم کے ساتھ معاشرے کو متحد کرنا ہوگا۔ میں ایک خوبصورت، فاتح اور خوشحال ہندوستان کی تشکیل کے لئے ہر فرد کوایک ہنر مند مجسمہ ساز کی طرح کام کرتے ہوئے دیکھنا چاہتا ہوں۔ میں ،ہر نوجوان میں ذمہ داری کا احساس، فرائض کے تئیں ثابت قدمی اور قوم کی تعمیر کے تئیں پختہ عزم دیکھنا چاہتا ہوں۔‘‘اُنہوںنے اِس بات پر زور دیا کہ نئے سیاسی اور معاشی نظام کے لئے ہمارے ثقافتی نظریات اور اَقدار سب سے اہم ہونا چاہیے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’آج ہمارے لئے ملک کے لئے ایک روشن مستقبل کی تعمیر کرنے اور اس بات کو یقینی بنانے کا موقع ہے کہ ذمہ داریوں کے تئیں معاشرتی رویہ تبدیل ہو۔ سماجی و اِقتصادی اہداف کے حصول کے لئے حکومت کا پورا طریقہ کار اَپنایا جانا چاہیے۔‘‘