جموں//وزیر اعلی عمر عبداللہ نے جموں و کشمیر اور اس سے باہر اس تہوار کو منانے والے تمام لوگوں کو کرسمس کی مُبارک باد پیش کی۔وزیر اعلیٰ نے اَپنے مبارک بادی کے پیغام میں کرسمس کو اِنسانیت کے لئے ایک نعمت قرار دیا جو امن، محبت اور ہمدردی کی عکاسی کرتا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ عیسیٰ مسیح کی تعلیمات آج بھی لوگوں کے لئے مشعل راہ ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا،’’کرسمس صرف ایک تہوار نہیں ہے۔ یہ ہماری اِجتماعی ہم آہنگی کی طاقت کا ثبوت ہے جہاں ہر کمیونٹی اس خوشی کے موقعے کو منانے کے لئے اِکٹھا ہوتی ہے۔ یسوع مسیح کی تعلیمات آج بھی اِتنی ہی اہمیت کی حامل ہیں جتنی اس وقت تھیں اور ہمیں زیادہ پُرامن اور جامع دُنیا کے لئے جدوجہد کرنے کی یاد دِلاتی ہیں۔‘‘عمر عبداللہ نے جموں و کشمیر کے سیکولر تانے بانے کو اُجاگر کرتے ہوئے اِتحاد اور بھائی چارے کے جذبے کی سراہنا کی جو اِس خطے کی خصوصیت ہے۔اُنہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ اِس موقعہ کو ان اَقدار کے تئیں اَپنے عزم کو مضبوط کرنے کے لئے اِستعمال کریں اوراِس خوشی کے تہوار کو منانے میں کوئی بھی پیچھے نہ رہنے کو یقینی بناتے ہوئے غریبوں کے لئے مدد کا ہاتھ بڑھائیں۔ وزیر اعلیٰ نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ کرسمس کے موقعہ پر ہمدردی ، اُمید اور خیر سگالی کے پیغام کو سال بھر آگے بڑھائیں۔عمر عبداللہ نے اَپنے پیغام کے اِختتام پر جموں و کشمیر کے عوام کے لئے اَمن اور خوشحالی کی خواہش کی اور سب کے لئے خوشی اور ہم آہنگی کے لئے دُعا کی۔










