cold

چلہ کلان کے تیور سخت ،جموں ، کشمیر اور لداخ میں شدید سردیوں کا راج برقرار

سال رواں کے آخر تک موسم خشک رہنے کا امکان ، کسی بڑی موسمی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں / محکمہ موسمیات

سرینگر // بادشاہ چلہ کلان کے سخت تیور کے بیچ سردی کی لہر نے وادی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جبکہ سرینگر میں مسلسل درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج کیا گیا ہے ۔ سرینگر میں شبانہ درجہ حرارت منفی 6.6ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ شوپیان منفی 8.8ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ سب سے سر د ترین علاقہ رہا ۔ ادھر محکمہ موسمیات نے سال رواں کے آخر تک خشک موسم کی پیشگوئی کی ہے ۔سی این آئی کے مطابق شدید سردی کی لہر نے وادی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور اس دوران صبح و شام یخ بستہ ہواؤں کی وجہ سے عام زندگی معطل ہو کر رہ گئی ہے۔اگرچہ رات بھر آسمان کھلا رہتا ہے تاہم اس دوران کھلے آسمان کی وجہ سے سردی میں بے پناہ اضافہ ہو رہا ہے جبکہ رات کے وقت ہڑیوں کو گلا دینے والی اس سردی کی وجہ سے بیشتر لوگ گھروں سے باہر نہیں آتے۔دن بھر اگر چہ فضاء میں سورج بھی جلوا ہ افروز ہوتا تاہم اس دوران بھی سرد ہواؤں کی لہر سورج کی تمازت کو کھا جاتی ہے۔شہر سرینگر سمیت وادی کے جنوب و شمال میں سردیو ں کی وجہ سے صبح دیر سے دن شروع ہوتا ہے اور شام کو جلد ہی رات ہونے کی وجہ سے اوقات کار میں بھی کمی آئی ہے۔ موسم سرماکی آمد کے ساتھ ہی وادی میں عام زندگی اگر چہ متاثر ہوتی ہے تاہم سخت ترین سردیوں اور یخ بستہ ہواؤں کی وجہ سے اس میں اضافہ ہوتا ہے۔ دریں اثناء سرینگر سمیت وادی کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت بھی نقطہ انجماد سے مسلسل نیچے گر گیا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں گزشتہ رات 3.2ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں منفی 6.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ اسی دوران محکمہ موسمیات کے مطابق مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں منفی 7.8ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا ۔عہدیدار نے بتایا کہ سونہ مرگ میں منفی 8.5ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا جبکہ شوپیان وادی کا سب سے سرد ترین علاقہ درج ہوا جہاں را ت کا درجہ حرارت منفی 8.8ڈگری سیلشس درج ہوا ۔ ۔ دریں اثنا وادی میں اتوار کو چلہ کلان کے چوتھے روز موسم خشک رہا اور دن میں ہلکی دھوپ بھی چھائی رہی۔اتوار کی صبح پینے کے پانی کے نل منجمند پائے گئے۔ کچھ ایک آبی ذخائر کو بھی جزوی طور پر منجمند پایا گیا۔ تاہم سری نگر سمیت وادی کے تمام علاقوں میں دوپہر ایک بجے سے اچھی خاصی دھوپ کھلی رہی۔ادھر وادی کشمیر میں خشک موسم کے بیچ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ سال رواں کے آخر تک کسی بھی بڑی موسمی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے اور موسم مجموعی طور پر خشک ہی رہے گا ۔