سونہ مرگ منفی 12.5ڈگری کے ساتھ سرد ترین خطہ درج ، پہلگام اور گلمرگ میں بھی منفی 10ڈگری درج
سرینگر // برفباری کے بعد وادی کشمیر میں سردیوں کا زور کافی بڑھ گیا ہے جس کے چلتے سرینگر میں ایک بار پھر رات کا درجہ حرارت منفی میں ریکارڈ کیا گیا ۔ د ن میں کھلی دھوپ نکلنے اور رات کے دوران مطلع صاف رہنے کے نتیجے میں وادی کشمیر میں شدید سردی کی لہر جاری ہے۔ جس کے نتیجے میںشہر سرینگر میں منفی 2ڈگری کے ساتھ سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی جبکہ سونہ مرگ منفی 12.5ڈگری کے ساتھ وادی کشمیر میں سرد ترین علاقہ درج ہوا ۔ ادھر محکمہ موسمیات نے اگلے 24گھنٹوں کے دوران موسم میں کوئی تبدیلی نہ آنے کے امکانات ظاہر کرتے ہوئے موسم خشک رہنے کی پیشگوئی ہے ۔ اسی دوران جموں میں بھی شدید سردی کی لہر جاری ہے اور گزشتہ شب رواں موسم کی سرد ترین ریکارڈ کی گئی ۔ سی این آئی کے مطابق وادی کشمیر اور صوبائی علاقے لہہہ اور کرگل میں چلہ کلان نے اپنے زور دکھائے اور سردی کی شدید لہر نے پوری وادی کو اپنی لپیٹ میں لیا ہے اور یخ بستہ ہوائوں کی وجہ سے شدید سردی کی لہر جاری ہے ۔ محکمہ موسمیات کے حکام نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ رات کے دوران مطلع صاف رہنے اور دن میں کھلی دھوپ نکلنے کے باعث وادی کشمیر میں سردی کی لہر جاری ہے جبکہ آنے والوں دنوں میں شبانہ سردیوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے ۔ محکمہ کے مطابق درجہ حرارت میں کمی ہونے کے ساتھ ہی پوری وادی سخت ترین سردی کے لپیٹ میں آچکی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ وادی کے ساتھ ساتھ لداخ خطہ بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہے ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ وادی بھر میں رات کے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرینگر میں کم از کم درجہ حرارت منفی 2 ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا جو کہ گزشتہ رات منفی 0.5 ڈگری سیلسیس سے کم تھا۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ شہرہ آفاق گلمرگ میں وادی میں سب سے سرد ریکارڈ کیا گیا مقام تھا، جہاں پارہ منفی 9.6 ڈگری سیلشس تک گر گیا جبکہ سیاحتی مقام پہلگام میں موسم کی اپنی سرد ترین رات منفی 9.4 ڈگری سیلشس ڈگری ریکارڈ کی گئی ۔ اس نے مزید کہا کہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.4 ڈگری سیلشس درج کیا گیاجبکہ شمالی کشمیر کے کپواڑہ میں منفی 2.5 ڈگری سیلشس اور جنوبی کشمیر کے کوکرناگ میں منفی 1.8 ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سونہ مرگ منفی 12.5ڈگری کے ساتھ سرد ترین علاقہ درج ہوا ۔ اس دوران محکمہ موسمیات نے پیشنگوئی کی ہے کہ وادی میںاگلے کچھ دنوں تک موسم خشک رہ سکتا ہے ۔ ادھر شہر سرینگر سمیت وادی بھر میں سخت ترین ٹھنڈ جاری رہی اور دن کے وقت بھی لوگوں کو آنے جانے میں سخت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا جبکہ رات کے وقت سردی کی شدت میں اضافہ ہونے کے بعد لوگ اضافی بسترے ، کمبل ، گرم ملبوسات اور روم ہیٹر و واٹر بوتل جیسی چیزیں خریدنے پر مجبور ہورہے ہیں اور متعلقہ دکاندار لوگوں کی مجبوری یا ضرورت کا خوب فائدہ اٹھارہے ہیں اور انہوں نے یکایک ان سبھی چیزوں کی قیمتوں میں من مانے طور اضافہ کر دیا ہے ۔










