پمبئی کولگام میں المناک حادثہ رونما

سیب سے بھرا کنٹینر ٹرک کے نیچے دب جانے سے دو افراد لقمہ اجل ، دو بچ گئے

سرینگر // جنوبی ضلع کولگام کے پمبئی علاقے میں ایک المناک حادثے میں سیب سے بھرا کنٹینر ٹرک لڑھک جانے کے بعد دو افراد لقمہ اجل بن گئے ۔ سی این آئی کو نمائندے پرویز وانی نے اس ضمن میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ پمبئی کولگام میں سیب سے لدے کنٹینر ٹرک کے نیچے دب جانے کے بعد دو افراد کی جانیں چلی گئیں۔نمائندے نے بتایا کہ ایک اے ی کنٹینر ٹرک جس کا رجسٹریشن نمبر JK03P-0505تھا، سیب لے کر جا رہا تھا پمبئی علاقے میں ایک سڑک پر الٹ گیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرک میں چار افراد سوار تھے، جن میں سے دو حادثے کے فوراً بعد چھلانگ لگانے میں کامیاب ہو گئے، جبکہ باقی دو گاڑی کے نیچے پھنس گئے۔انہوں نے کہا کہ واقعہ پیش آنے کے بعد پولیس ، و سیول انتظامیہ نے مقامی لوگوں کے ساتھ بچائو آپریشن شروع کر دیا اور دو گھنٹے کی جدوجہد کے بعد پھنسے افراد کو تشویشناک حالت میں نکال لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ دونوں کو اسپتال علاج کیلئے منتقل کیا گیا تاہم وہ دم توڑ بیٹھے ۔ پولیس کے ایک سنیئر آفیسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ علاقے میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ۔ انہوں نے کہا کہ دو افراد صیح سلامت باہر نکلیں تاہم دیگر دو جو ٹرک کے نیچے دب گئے اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔انہوں نے کہا کہ دونوں مرنے والوں کی شناخت ریاض احمد راتھر اور مختار احمد ایتو کے طور پر ہوئی ہے جو دونوں گوپال پورہ کولگام کے رہنے والے ہیں۔پولیس کے مطابق واقعہ کی نسبت کیس درج کر لی گئی ہے اور اس سلسلے میں مزید تفتیش جاری ہے ۔