متعدد وفود نے نائب وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی

کہا، حکومت ایک مؤثر گورننس ایکو سسٹم قائم کرنے کیلئے پُر عزم ہے

جموں//نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے آج کہا کہ حکومت ایک مؤثر گورننس ایکو سسٹم قائم کرنے کے لئے پُرعزم ہے تاکہ لوگوںکو درپیش مسائل کا مؤثر طریقے سے کم وقت میں اَزالہ کیا جاسکے۔متعدد وفود نے آج نائب وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی ۔وفود نے آج نائب وزیر اعلیٰ کو اَپنے علاقوں اور خدمات سے متعلق مسائل کو اُجاگر کیا۔ڈپلومااِنجینئروںکے وفد نے کیریئر کی ترقی سے متعلق متعدد مسائل کو پیش کیا۔نیشنل ہیلتھ مشن کے وفد نے ریگولرائزیشن، تنخواہوں میں اِضافے اور سروس بائی لاز کی تشکیل اور مالی اِمداد (گولڈن ہینڈ شیک) اور دیگر مسائل کو اُٹھایا۔اِسی طرح فیڈریشن آف چیمبر آف اِنڈسٹریز کشمیر کے ایک وفد نے جموں و کشمیر کے صنعتی شعبے سے متعلق کئی مسائل اُٹھائے۔آل کشمیری مسلم مائیگرنٹ کمیٹی کے وفد نے اُن کی اِمدادمیں اِضافہ، نقد اِمداد کی تقسیم اور دیگر مسائل نائب وزیر اعلیٰ کو گوش گزار کئے ۔مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے متعدد ممبران اسمبلی اور سابق سرپنچوں نے بھی نائب وزیرا علیٰ سریندر کمار چودھری سے ملاقات کی اور اَپنے اَپنے حلقوں کے ترقیاتی مسائل کو پیش کیا۔نائب وزیرا علیٰ نے وفود کی جانب سے پیش کردہ مسائل کا جواب دیتے ہوئے یقین دِلایا کہ اُن کے تمام جائزمطالبات اور شکایات کا ازالہ کیا جائے گا۔