دیگر زخمیوں کی حالت ہسپتال میں مستحکم ۔ حکام
سرینگر//ٹی آر سی سرینگر کے قریب گرینیڈ دھماکے میں زخمی ہونے کے دس دن بعد، 45 سالہ خاتون منگل کو یہاں کے ایک اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔اس حملے میں 12افراد زخمی ہوئے تھے جن کے بارے میں بتایا جارہا تھا کہ کئی ایک کی حالت نازک ہے تاہم دیگر زخمیوں کی حالت اب مستحکم بتائی جاتی ہے ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق 3نومبر بروز اتوار کو نامعلوم افراد نے ٹی آر سی میں جہاں پر سنڈے مارکیٹ لگتا ہے میں گرنیڈ پھینکا جو زور دار دھماکہ کے ساتھ پھٹ گیا جس میں قریب 12افراد زخمی ہوئے تھے ۔

ان زخمیوں میں بانڈی پورہ سنبل کی 45سالہ خاتون عابدہ اہلیہ زبیر احمد لون بھی شامل تھیں جو منگل کے روز 10دن بعد ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد چل بسیں ۔ حکام کے مطابق عسکریت پسندوں نے سی آر پی ایف کے موبائل بنکر کی طرف گرنیڈ پھینکا تھا جو ہدف سے باہر ہو گیا اور سنڈے مارکیٹ کے نزدیک سڑک پر پھٹ گیا ۔ اس دھماکہ میں بارہ افراد زخمی ہوئے تھے زخمیوں کو قریبی ایس ایم ایچ ایس اسپتال منتقل کیا گیا جہاں عابدہ دوپہر کے قریب زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسیں۔خاتون کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ اس واقعہ کے سلسلے میں پہلے ہی ایک کیس درج کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ آئی جی پی کشمیر وی کے بردی نے گزشتہ ہفتے ایک پریس میں صحافیوں کو بتایا تھا کہ واقعہ کے سلسلے میں اخراج پورہ راجباغ سرینگر سے تین لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے جو لشکر طیبہ کے معاونین کے طور پر کام کرتے تھے ۔










