جموں//اس بات کو یقینی بنانے کے مقصد سے کہ ہر اہل ووٹر اپنے جمہوری حق کا استعمال کرے ، ہندوستان کے الیکشن کمیشن نے جموں و کشمیر میں جاری اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 157 خصوصی پولنگ اسٹیشن قائم کئے ہیں ۔ یہ خصوصی پولنگ اسٹیشن تھیم پر مبنی ہیں اور کچھ علاقوں میں ووٹروں تک پہنچنے اور زیادہ سے زیادہ شرکت کیلئے اضافی میل طے کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ جموں و کشمیر کے چیف الیکٹورل آفیسر پی کے پول نے کہا کہ ڈیکوئر بوتھ پورے انتخابی عمل کیلئے بنیادی حثیت رکھتے ہیں، جمہوریت کے تہوار کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ جدید پولنگ سٹیشنز جیسے خواتین کے زیر انتظام ، نوجوانوں کے زیر انتظام ، گرین پولنگ سٹیشن ، ماڈل پولنگ سٹیشنز ، سرحدی اور منفرد پولنگ سٹیشنز کو خاص طور پر خواتین ، نوجوانوں ، معذور افراد ( پی ڈبلیو ڈیز ) کو فروغ دینے کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے ۔ مزید براں ماحولیاتی پائیداری کے تئیں ای سی آئی کی وابستگی کا مظاہرہ ان پولنگ سٹیشنوں پر سبز طریقوں کے نفاذ کے ذریعے ہوتا ہے ۔ ماحولیاتی اثرات کو کم کرنے اور سرسبز مستقبل کو فروغ دینے کیلئے ہر پہلو کو احتیاط سے ڈیزائن کیا گیا ہے ۔ اس سنگ میل پر بات کرتے ہوئے سی ای او نے کہاکہ ان منفرد پولنگ سٹیشنوں کا قیام انتخابی عمل میں شمولیت اور پائیداری کو فروغ دینے کیلئے غیر متزلزل لگن کو واضح کرتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر شہری کو اپنا جمہوری حق استعمال کرنے کیلئے مساوی رسائی حاصل ہونی چاہئیے اور یہ پولنگ سٹیشن اس مقصد کے حصول کی جانب ایک اہم قدم کی نمائندگی کرتے ہیں ۔
