پلوامہ//جنرل اوبزرور اسمبلی حلقہ ترال برجیش نارائن سنگھ نے اسمبلی اِنتخابات کے پیش نظرآج مدورا اور بٹ گنڈکا دورہ کرکے عام لوگوں سے ملاقات کی۔میٹنگ کا مقصد رائے دہندگان میں اعتماد کو فروغ دینا اور اوراِس بات کو یقینی بنانا تھا کہ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف اِنتخابات کے لئے تمام ضروری اِنتظامات کئے جائیں۔برجیش نارائن سنگھ نے بات چیت کے دوران یقین دِلایا کہ آسان اورپُرامن ووٹنگ کے عمل کو یقینی بنانے کے لئے تمام اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔ اُنہوں نے رائے دہندگان کی شرکت کی اہمیت کو بھی اُجاگر کیا اور تمام شہریوں کے لئے بغیر کسی رُکاوٹ کے اِنتخابی تجربے کے لئے اِنتظامیہ کے عزم پر زور دیتے ہوئے اِنتخابی طریقۂ کار سے متعلق کسی بھی سوال کا جواب دیا۔اُنہوں نے مقامی اَفسروں کے ساتھ علاقے کے اہم پولنگ سٹیشنوں کا معائینہ کیا اور اِنتخابات کے دن کے لئے حفاظتی اقدامات ، جسمانی طور خاص اَفراد (پی ڈبلیو ڈی) تک رسائی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔عوام نے انتظامیہ کی کوششوں پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا اور اس ماہ کی 18 تاریخ کو ہونے والے آئندہ انتخابات کے لیے جوش و خروش اور لگن کا مظاہرہ کیا۔
