جاں بحق ہونے والے عازمین میں کشمیر سے تعلق رکھنے والی پانچ خواتین بھی شامل
سرینگر // مکہ مکرمہ میں رواں حج سیزن کے دوران گرمی سے کم سے کم 577 حاجی جاں بحق ہوئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں کشمیر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والی پانچ خواتین بھی شامل ہے ۔ سی این آئی مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق مکہ مکرمہ میں رواں حج سیزن کے دوران گرمی سے کم سے کم 577 حاجی جاں بحق ہوئے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق گرمی سے جاں بحق حاجیوں میں سے 323 کا تعلق مصر سے ہے جبکہ 144 کا تعلق انڈونیشیا سے ہے۔خبر ایجنسی کے مطابق گرمی سے اردن کے 60 اور تیونس کے 35 حاجی جاں بحق ہوئے جبکہ دوران حج گرمی سے ایران کے 11، سینیگال کے 3 حاجی جاں بحق ہوئے۔خبر ایجنسی کا بتانا ہے کہ پیر کے روز مکہ مکرمہ میں درجہ حرارت 51.8 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ ہوا تھا۔یاد رہے کہ سعودی محکمہ موسمیات نے رواں برس حج سیزن کے دوران شدید گرمی پڑنے کی پیشگوئی کر رکھی تھی اور اسی مناسبت سے سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے عزام کرام کے لیے جگہ جگہ پانی کے فواروں اور ٹھنڈے پانی کا انتظام کیا گیا تھا۔اس کے علاوہ سعودی انتظامیہ نے مختلف ممالک سے آئے عزام کرام کو گرمی سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی تھی۔گرمی کی وجہ سے جاں بحق ہونی والی خواتین میں کشمیر سے تعلق رکھنے والی پانچ بھی شامل ہے ۔ جموں و کشمیر کے ایک سینئر حج افسر نے بتایا کہ حج کے دوران شدید درجہ حرارت کا تجربہ کئی حاجیوں کی صحت پر اثر انداز ہوا ہے۔انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب میں جاری مقدس حج کے دوران درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک بھی بڑھ گیا، انہوں نے کہا کہ گرم موسم کے باوجود حجاج کرام اپنے مذہبی فرائض کی ادائیگی میں ثابت قدم رہے۔اہلکار نے بتایا کہ متوفی حاجیوں کے ساتھ ان کے رشتہ دار بھی تھے اور اس بات کی تصدیق ہوگئی ہے کہ انہیں مکہ مکرمہ میں سپرد خاک کیا جائے گا۔حکام کے مطابق اس سال جموں و کشمیر کے 7000 سے زائد عازمین نے مکہ اور مدینہ کا فریضہ حج ادا کیا۔










