انٹاریو یونیوسٹی غزہ کے تنازع سے پیسہ کمانے والی کمپنیوں میں سرمایہ کاری نہ کرنے سے متعلق معاہدے پر دستخط کرنے والا کینیڈا کا پہلا بڑا تعلیمی ادارہ بن گیا۔
مانیٹرنگ کے مطابق اونٹاریو ٹیک یونیورسٹی کے منتظمین اور احتجاج کے منتظمین کا کہنا ہے کہ وہ ایک معاہدے پر پہنچ گئے ہیں، جس کے نتیجے میں اسرائیل کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہرے ختم ہوگئے ہیں۔
یاد رہے کہ امریکی یونیورسٹیوں میں احتجاجی مظاہرے 18 اپریل سے شروع ہوئے تھے، یہ احتجاج سب سے پہلے نیویارک یونیورسٹی میں ہوا اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے امریکا کی دیگر یونیورسٹیوں میں بھی پھیل گئے تھے۔
طلبا کو بھیجے گئے معاہدے کی ایک کاپی کے مطابق اس معاہدے پر پیر کو دستخط ہوئے تھے، اس میں یونیورسٹی کی جانب سے متعدد وعدے شامل ہیں جس میں یونیورسٹی نے اتفاق کیا معاہدے پر دستخط کرنے کے 24 گھنٹوں کے اندر کیمپس میں موجود کیمپ کو ختم کر دیا جائے۔
معاہدے میں بیان کردہ وعدوں میں سے ایک یہ ہے کہ یونیورسٹی ذمہ دارانہ سرمایہ کاری کے طریقوں پر عمل کرے گی، یونیورسٹی نے کہا کہ وہ کسی بھی ایسی کمپنی میں سرمایہ کاری نہیں کرے گی جو فلسطین میں جاری انسانی بحران سے فائدہ اٹھا رہی ہیں۔










