راجوری//عوامی خدشات کو براہ راست حل کرنے کیلئے قبائلی امور کے سیکرٹری شیو اننت طال نے ڈپٹی کمشنر راجوری کے ساتھ آج نوشہرہ بلاک میں سرحدی پنچائت کھمبا میں ایک عوامی دربار کا انعقاد کیا ۔ اس تقریب نے کمیونٹی کو اپنے مسائل اٹھانے کیلئے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا جس میں ایم ایس کھمبا کو اپ گریڈ کرنے اور علاقے میں ایمبو لینس خدمات کے قیام کی ضرورت اور دیگر مسائل شامل تھے ۔ اس تقریب میں عوام کیلئے موثر فلاحی اسکیموں کے نفاذ کو ظاہر کرنے والے مختلف اسٹالز بھی لگائے گئے تھے ۔ حاضرین کو نہ صرف سُنا گیا بلکہ ان کو دریافت کرنے اور ان سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب بھی دی گئی ۔ سیکرٹری نے سٹالز کا معائینہ کیا جس میں جدید پروگراموں اور اقدامات کی نمائش کی گئی ۔ ڈپٹی کمشنر راجوری نے پبلک آؤٹ ریچ کیمپ کے دوران مختلف اسکیموں کے تحت کئی کامیابیوں پر روشنی ڈالی ۔ عوامی دربار میں اپنے خطاب میں سیکرٹری نے مقامی کمیونٹی کی طرف سے اٹھائے گئے مسائل کو حل کرنے کیلئے اپنی مخلصانہ لگن کا اظہار کیا ۔ انہوںنے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کی اولین ترجیح عام لوگوں تک بنیادی سہولیات اور خدمات کو موثر اور فوری طور پر پہنچانا ہے ۔ انہوں نے حاضرین کو یقین دلایا کہ ان کے خدشات کو مناسب طریقے سے دور کیا جائے گا ۔ اس موقع پر دیگر لوگوں میں اے ڈی سی نوشہرہ ، ڈی ایف او نوشہرہ ، سی پی او ، اے سی پی ، ڈی ایم او ، ڈی پی او ، سی ای او ایجوکیشن ، سی ایم او کے علاوہ ضلعی اور سیکٹورل افسران نے شرکت کی ۔










