حزب المجاہدین کا اعلیٰ کمانڈر معراج الدین حلوائی ہلاک

سری نگر//جموں و کشمیر پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے معراج الدین حلوائی عرف عبید نامی حزب المجاہدین کے اعلیٰ کمانڈر کو ایک جھڑپ میں ہلاک کیا ہے۔پولیس کے مطابق یہ شبانہ جھڑپ شمالی ضلع کپواڑہ کے پازی پورہ رنن کرالہ گنڈ میں ہوئی ہے۔کشمیر زون پولیس کے انپسکٹر جنرل وجے کمار نے دعویٰ کیا ہے کہ معراج الدین حلوائی موجودہ دور کا برہان وانی تھا۔آئی جی پی کے حوالے سے پولیس کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر کہا گیا: ‘ہندواڑہ میں میں ہونے والی ایک مسلح جھڑپ کے دوران حزب المجاہدین کے اعلیٰ کمانڈر معراج الدین حلوائی عرف عبید کو ہلاک کیا گیا ہے۔ وہ کئی ٹیرر کرائمز میں ملوث تھا۔ یہ ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔ٹویٹ میں دعویٰ کیا گیا: ‘وہ موجودہ دور کا برہان وانی تھا۔ جیسے برہان وانی جنوبی کشمیر میں کئی شہریوں اور سکیورٹی فورسز کی ہلاکتوں میں ملوث تھا ویسے ہی معراج الدین حلوائی بھی شمالی کشمیر میں کئی شہریوں اور سکیورٹی فورسز کی ہلاکتوں میں ملوث تھا۔ایک اور ٹوئٹ میں کہا گیا: ‘معراج الدین حلوائی نے سنہ 2011 میں جنگجوئوں کی صفوں میں شمولیت اختیار کی تھی۔ کمپیوٹر ایپلی کیشنز میں ڈپلوامہ کرنے والے معراج الدین سوشل میڈیا اور ترسیل کے دوسرے ذرائع کے غلط استعمال میں ملوث تھا۔سری نگر میں تعینات دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل عمران موسوی نے بتایا کہ ہندوارہ کے پازی پورہ میں گذشتہ رات جموں و کشمیر پولیس کو موصول ہونے والی خفیہ اطلاعات کی بنا پر مشترکہ آپریشن چلایا گیا۔انہوں نے بتایا: ‘آپریشن کے دوران حزب المجاہدین کے ایک دہشت گرد کو ہلاک کیا گیا ہے۔ اس کے قبضے سے ایک اے کے رائفل اور اس کی چار میگزینیں برآمد کی گئی ہیں۔پولیس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ معراج الدین حلوائی ضلع بارہمولہ کے خوشحال متو سوپور کا رہنے والا تھا۔اس میں کہا گیا ہے کہ معراج الدین اے پلس پلس زمرے کا جنگجو اور حزب المجاہدین کا گروپ کمانڈر تھا۔بیان میں معراج الدین حلوائی کی گرفتاری سے ہلاکت تک کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ 6 جولائی کو ہندواڑہ پولیس اور ایس ایس بی نے وتین ہندواڑہ میں ایک مشترکہ ناکہ بٹھایا تھا۔اس میں کہا گیا ہے کہ گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران پولیس کو ایک مسافر کا رویہ مشکوک نظر آیا جسے حراست میں لے لیا گیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ جامہ تلاشی کے دوران مذکورہ مسافر کے قبضے سے ایک گرینیڈ برآمد ہوا جس کے بعد اسے پوچھ گچھ کے لئے فوراً نزدیکی پولیس پوسٹ منتقل کیا گیا۔اس میں کہا گیا ہے کہ پوچھ گچھ کے دوران مذکورہ مسافر نے اپنی شناخت معراج الدین حلوائی عرف عبید ولد عبدالخالق ساکن خوشحال متو سوپور کے طور پر کی اور کہا کہ وہ حزب المجاہدین کا ایک سرگرم کمانڈر ہے۔پولیس بیان میں کہا گیا ہے کہ معراج الدین کے انکشافات کی بنا پر ہندواڑہ پولیس، فوج، سی آر پی ایف اور ایس ایس بی نے پازی پورہ رنن کرالہ گنڈ ہندوارہ میں تلاشی آپریشن شروع کیا۔اس میں مزید کہا گیا ہے: ‘تلاشی آپریشن کے دوران معراج الدین نے اپنی چھپائی ہوئی اے کے 47 رائفل نکالی اور سکیورٹی فورسز پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں معراج الدین مارا گیا۔