ڈھاکہ / میانمار / نیویارک / ایجنسیز//روہنگیا برادری کی جینیاتی ابتدا کے حوالے سے کی گئی پہلی تفصیلی جینوم تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ان کی جینیاتی جڑیں بنیادی طور پر مشرقی جنوبی ایشیا سے وابستہ ہیں۔ حالانکہ میانمار کے اراکان علاقے میں طویل عرصے تک رہائش کے دوران آس پاس کی تبتی-برمی زبانیں بولنے والی برادریوں کے ساتھ ان کا محدود، لیکن واضح جینیاتی اختلاط بھی ہوا ہے۔ تحقیق میں پڑوسی ملک بنگلہ دیش کی آبادی کے مقابلے روہنگیا برادری میں مشرقی اور جنوب مشرقی ایشیائی جینیاتی اجزا نسبتاً زیادہ پائے گئے ہیں۔10 اداروں کے 12 سائنس دانوں کی بین الاقوامی ٹیم نے یہ تحقیق کی ہے۔ اس میں جینیات کے ماہرین کے ساتھ ماہرین لسانیات بھی شامل رہے۔ تحقیق کے نتائج کے مطابق روہنگیا برادری کی جینیاتی ساخت ان کی لسانی شناخت سے بھی مطابقت رکھتی ہے۔ ان کے جینوم میں کچھ ایسے جین بھی پائے گئے ہیں، جو مقامی ماحولیاتی حالات کے مطابق ممکنہ طور پر خود کو ڈھالنے کے آثار ظاہر کرتے ہیں۔اس بین الاقوامی تحقیقی ٹیم میں بنارس ہندو یونیورسٹی (بی ایچ یو)، وارانسی، ڈھاکہ یونیورسٹی، بنگلہ دیش، ٹارٹو یونیورسٹی، ایسٹونیا، سی ڈی ایف ڈی، حیدرآباد، کے یو لیوون، بیلجیم، باری یونیورسٹی، اٹلی، ٹرینیٹی کالج، ڈبلن، کلکتہ یونیورسٹی اور برن یونیورسٹی، سوئٹزرلینڈ کے سائنس دان شامل رہے۔ تحقیق کے لیے بنگلہ دیش کی وزارت برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ اینڈ ریلیف سے اجازت ملنے کے بعد ڈھاکہ یونیورسٹی کی ڈاکٹر غازی نورالنہار سلطانہ کی قیادت میں کاکس بازار کے کیمپ سے 25 روہنگیا افراد کے خون کے نمونے جمع کیے گئے۔ تقابلی مطالعے کے لیے 27 بنگلہ دیشی مسلمانوں، 9 بنگلہ دیشی ہندوؤں اور 9 باوم قبائلی برادری کے افراد کے نمونے بھی لیے گئے۔ اس کے علاوہ یوریشیا کے 2217 نمونوں کو شامل کرکے وسیع پیمانے پر شماریاتی تجزیہ کیا گیا۔تحقیقاتی ٹیم میں شامل اہم محقق ڈاکٹر غازی نورالنہار سلطانہ کے مطابق ابتدائی تجزیے میں روہنگیا برادری جنوبی ایشیائی گروپ کے قریب ایک الگ جینیاتی گروپ کے طور پر سامنے آئی۔ ان کی جینیاتی ساخت کسی حد تک جنوبی ایشیا اور مشرقی و جنوب مشرقی ایشیا کے درمیان واقع دکھائی دیتی ہے، لیکن ان کی جینیاتی بنیاد جنوبی ایشیائی ہی ہے۔ تحقیق کے پہلے مصنف ڈاکٹر پرجول پرتاپ سنگھ نے بتایا کہ ماڈل پر مبنی شماریاتی تجزیے میں روہنگیا برادری میں تقریباً 59 فیصد کول سے متعلق یعنی شمالی ہندوستانی طرز کی نسلی وراثت اور تقریباً 41 فیصد برمی ماخذ سے وابستہ نسلی وراثت کا اندازہ لگایا گیا۔ وہیں پڑوسی بنگلہ دیشی مسلم گروپ میں یہ تناسب تقریباً 69 اور 31 فیصد رہا۔ ان کے مطابق یہ فرق میانمار سے متعلق آبادی کے ساتھ روہنگیا برادری کے نسبتاً زیادہ جینیاتی اختلاط کو ظاہر کرتا ہے۔










