ماسکو/یواین آئی//روسی صدر ولادیمیر پوتن نے یوکرین جنگ ختم کرنے کے لیے اپنے سخت مؤقف اور علاقائی مطالبات میں نرمی سے انکار کرتے ہوئے یوکرین میں غیر ملکی امن فوج کی تعیناتی کی تجویز بھی مسترد کردی ہے ۔ انہوں نے ایسی تعیناتی کو جنگ جاری رکھنے کے مترادف قرار دیا، تاہم امریکی نمائندوں سے ملاقات کے دوران ایک اہم محاذی شہر میں مختصر مدت کی جنگ بندی کی پیشکش کی۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق پوتن نے جمعرات کو امریکی صدر ٹرمپ کے خصوصی نمائندوں اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر سے کریملن میں ملاقات کی۔ امریکی نمائندے متحدہ عرب امارات کے شہر ابوظبی میں دو روزہ مذاکرات کے بعد ماسکو پہنچے تھے ، جہاں روس اور یوکرین کے درمیان جنگ ختم کرنے کے امکانات پر بات چیت ہوئی تھی۔










