نیویارک/یو این آئی// کمپیوٹر کے شعبے کی سرکردہ کمپنی مائیکروسافٹ کی خدمات اُس کے اپنے سافٹ ویئر میں ایک کے بعد ایک تکنیکی خرابیوں کے باعث دن بھر متاثر رہنے کے بعد جمعہ کو بتدریج بحال ہونا شروع ہوگئیں۔جمعرات کو شروع ہونے والی یہ خرابی ابتدا میں امریکہ اور براعظم کے دیگر علاقوں میں مائیکروسافٹ کی خدمات کو متاثر کرتی دکھائی دی، لیکن جلد ہی یہ پوری دنیا میں پھیل گئی۔مائیکروسافٹ کی اپنی ایپلی کیشنز آؤٹ لک ای میل اور ٹیمز ویڈیو کانفرنسنگ میں خرابی کے طور پر شروع ہونے والا یہ مسئلہ جلد ہی ایک بڑے تکنیکی بحران میں تبدیل ہوگیا، جس سے صارفین اور کاروباری اداروں دونوں کیلئے کمپنی کی کلاؤڈ خدمات، ای میل، فائلیں اور دستاویزات متاثر ہوئیں۔اس خرابی کے باعث کمپنی کے ’کوپائلٹ‘ مصنوعی ذہانت کے آلات اور ڈیفنڈرسکیورٹی سافٹ ویئر بھی ٹھپ ہوگئے ۔ کمپنی نے ابھی تک یہ واضح نہیں کیا ہے کہ اس مسئلے کی بنیادی وجہ کیا تھی۔ صرف اتنا کہا ہے کہ اس خلل کے دوران بڑی تعداد میں سرورز کا غیر متوقع طور پر دستیاب نہ ہونا شامل تھا۔ کمپنی نے کہا کہ وہ اس کی وجوہات کی جانچ جاری رکھے ہوئے ہے ۔










