زیارت گاہوں میں پرندوں کو دانہ ڈالنے اور کھانے کی تقسیم پر پابندی عائد کردی گئی

زیارت گاہوں میں پرندوں کو دانہ ڈالنے اور کھانے کی تقسیم پر پابندی عائد کردی گئی

سرینگر//یو این ایس / جموں و کشمیر وقف بورڈ نے جموں و کشمیر بھر کی تمام وقف زیارت گاہوں کے احاطوں میں پرندوں کو دانہ ڈالنے اور تحریر یا دیگر کھانے پینے کی اشیا تقسیم کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔یہ ہدایت جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن اور وزیر مملکت ڈاکٹر سید درخشاں اندرابی کی ہدایت پر جاری کی گئی ہے۔ وقف بورڈ نے عقیدت مندوں، زائرین اور دیگر افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ اس حکم کی سختی سے پابندی کریں۔وقف بورڈ کے مطابق ان پابندیوں کا مقصد زیارت گاہوں میں صفائی، حفظانِ صحت، تقدس اور پْرامن ماحول کو برقرار رکھنا ہے۔ہدایت میں کہا گیا ہے کہ پرندوں کو دانہ ڈالنے اور کھانے کی اشیا تقسیم کرنے سے آوارہ جانور زیارت گاہوں کے احاطے میں جمع ہوسکتے ہیں، جس کے نتیجے میں غیر صحت بخش صورتحال پیدا ہونے کے علاوہ عبادت اور نماز میں مصروف عقیدت مندوں کو پریشانی یا خلل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔وقف بورڈ نے زائرین اور عقیدت مندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بورڈ کے حکام کے ساتھ تعاون کریں اور زیارت گاہوں کے احاطے میں نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں۔بورڈ نے کہا کہ زیارت گاہوں کی صفائی اور تقدس برقرار رکھنا اجتماعی ذمہ داری ہے۔ اس نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ ان مقدس مقامات کے مذہبی تشخص اور پْرامن ماحول کا احترام کریں۔