نئی دہلی/یواین آئی// لوک سبھا میں قائدِ اپوزیشن راہول گاندھی نے وزیرِ اعظم نریندر مودی کے حالیہ خطاب پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو قربانی اور بچت کا مشورہ دیناحکومت کی ناکامی کو ظاہر کرتا ہے ۔راہول گاندھی نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ مودی جی نے کل عوام سے قربانی مانگی ۔ سونا مت خریدو، بیرونِ ملک مت جاؤ، پٹرول کم استعمال کرو، کھاد اور کھانے کا تیل کم استعمال کرو، میٹرو میں سفر کرو اور گھر سے کام کرو۔ یہ نصیحت نہیں بلکہ حکومت کی ناکامی کے ثبوت ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ گزشتہ 12 برسوں میں ملک کی معیشت اور عام لوگوں کی حالت ایسی ہو گئی ہے کہ اب حکومت عوام کو یہ بتانے لگی ہے کہ کیا خریدنا ہے اور کیا نہیں۔ راہول گاندھی نے کہا کہ ہر بار ذمہ داری عوام پر ڈال دی جاتی ہے تاکہ حکومت خود جوابدہی سے بچ سکے ۔ قائد اپوزیشن نے وزیرِ اعظم کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ملک چلانا اب وزیرِ اعظم کے بس کی بات نہیں ہے ۔ دراصل، وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ملک کے عوام سے خطاب میں توانائی کی بچت، خود انحصاری اور ذمہ دار شہری رویے پر زور دیا تھا۔ وزیرِ اعظم نے کہا تھا کہ ملک کیلئے لڑنا ہی حب الوطنی نہیں ہے ، بلکہ ملک کیلئے جینا اور اپنے فرائض کی ادائیگی بھی حب الوطنی ہے ۔انہوں نے عوام سے پٹرول اور ڈیزل کا کم استعمال کرنے ، میٹرو جیسے عوامی نقل و حمل کے ذرائع کا زیادہ استعمال کرنے ، الیکٹرک گاڑیوں کو فروغ دینے اور ورک فرم ہوم، آن لائن کانفرنسنگ اور ورچوئل میٹنگ کو دوبارہ اپنانے کی اپیل کی تھی۔










