ملک کی خواتین نے کانگریس ‘ ترنمول اور ڈی ایم کے کو سزا دی

ملک کی خواتین نے کانگریس ‘ ترنمول اور ڈی ایم کے کو سزا دی

بنگال میں بدلاؤ کی بات ہوگی ۔ بدلہ کی نہیں۔ ملک کی کسی ریاست میں اب کمیونسٹ حکومت نہیں رہی :وزیر اعظم

نئی دہلی/ایجنسیز// وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ بنگال میں اب بدلاؤ کی بات ہوگی بدلہ کی نہیں ۔ پانچ ریاستوں میں انتخابی نتائج کے بعد اپنے رد عمل میں نریندر مودی نے کہا کہ آج بنگال میں تبدیلی کے نئے دور کا آعاز ہوا ہے ۔ وہ ہر سیاسی جماعت سے اپیل کرنا چاہتے ہیں کہ ریاست کی سیاست میں تشدد کو ترک کرے ۔ انہوں نے کہا کہ آج سے جو سابقہ انتخابی روایات رہی ہیں وہ بدل جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ اب چونکہ بی جے پی جیت چکی ہے ہمیں بدلہ کی بات نہیں کرنی چاہئے بلکہ بدلاؤ ( تبدیلی ) کی بات کرنی چاہئے ۔ اب ڈر و حوف کی بات نہیں ہونی چاہئے بلکہ مستقبل کی بات ہونی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ تمام سیاسی جماعتوں کے کارکنوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ سیاسی خطوط سے بالاتر ہوتے ہوئے بنگال میں بہتری کیلئے کام کریں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کی خواتین نے ترنمول کانگریس ‘ ڈی ایم کے اور کانگریس پارٹی کو سزا دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی خواتین ترقی یافتہ ہندوستان بنانے کی کوششوں میں آگے آ رہی ہیں۔ تاہم کانگریس اور اس کی حلیفوں نے چند دن قبل اس پیشرفت کو روکنے کی کوشش کی تھی ۔ ان مخالف خواتین پارٹیوں نے ناری شکتی وندن ترمیم کو پارلیمنٹ میں منظور ہونے نہیں دیا تھا اور آج ملک کی بہنوں اور بیٹیوں نے کانگریس ‘ ٹی ایم سی اور ڈی ایم کو سزا دی ہے ۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ آج ملک کی سیاست میں ایک اور بڑی تبدیلی آئی ہے ۔ سارے ملک میں ایک بھی ریاست ایسی نہیں ہے جہاں کمیونسٹ پارٹی اقتدار میں ہو۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک سیاسی تبدیلی نہیں ہے بلکہ عوام کے ذہنوں کی تبدیلی ہے ۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ ہندوستان ترقی کی کس سمت میں جانا چاہتا ہے ۔