5 rupee_old_duraan

5 روپے کے نوٹ کے بہانے خاتون کو 3.66 لاکھ کا دھوکہ

اجمیر/ایجنسیز//راجستھان اجمیر میں دھوکہ بازوں نے 5 روپے کے پرانے نوٹ کے نام پر ایک خاتون سے 3.66 لاکھ روپے ہتھیا لیے۔ خاتون نے اپنے موبائل فون پر ایک اشتہار دیکھا جس میں ٹریکٹر کی تصویر کے ساتھ 5 روپے کا پرانا نوٹ دکھایا گیا تھا ۔ اشتہار میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس طرح کے نوٹ رکھنے والے کو 48 لاکھ روپے تک مل سکتے ہیں۔ خاتون نے دیے گئے نمبر پر رابطہ کیا۔دھوکہ بازوں نے خاتون کو یقین دلایا کہ اس کا نوٹ قیمتی ہے اور اسے لاکھوں روپے میں فروخت کیا جا سکتا ہے۔ اس کے بعد انہوں نے رجسٹریشن، جی ایس ٹی، آر بی آئی کلیئرنس اور دیگر بہانوں سے بار بار رقم طلب کرنا شروع کر دی۔ دھوکہ بازوں نے خاتون سے مختلف بینک کھاتوں میں رقم منتقل کروائی اور وہ 3 لاکھ 66 ہزار روپے سے محروم ہو گئی۔کافی وقت گزرنے کے بعد جب اس نے اپنی رقم واپس مانگی تو ملزم نے اسے دھمکیاں دینا شروع کر دیں اور بعد میں اپنا فون بند کر دیا۔