ممبئی /ایجنسیز//معروف گلوکارہ آشا بھوسلے 92 سال کی عمر میں آج چل بسیں۔ تقریباً 7 دہائیوں تک فلمی دنیا میں اپنی سریلی آواز کا جادو چلانے والی گلوکارہ کو ہفتہ 11 اپریل کو طبیعت خراب ہونے پر ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا تھا۔ ممبئی کے بریچ کینڈی ہاسپٹل میں انہوں نے آج آخری سانس لی۔ ان کے دیہانت سے بالی ووڈ میں سوگ کا ماحول ہے۔فلمی شخصیات اور سیاسی قائدین بشمول وزیراعظم مودی اور دیگر نے انہیں بھر پور خراج پیش کیا ہے۔ آشا بھوسلے کی آخری رسومات پیر 13 اپریل کو ادا کی جائیں گی۔ گلوکارہ کے جسد خاکی کو صبح 11 بجے لوئر پرل میں واقع ان کی رہائش گاہ پر آخری دیدار کیلئے رکھا جائے گا۔ شام 4 بجے دادر کے شیواجی پارک میں ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔ قابل ذکر ہے کہ 8 ستمبر 1933 کو آشا بھوسلے کی پیدائش موسیقی سے وابستہ ایک خاندان میں ہوئی۔ ان کے والد پنڈت دینا ناتھ منگیشکر ایک اداکار اور کلاسیکی گلوکار تھے۔ آشا بھوسلے معروف گلوکارہ لتا منگیشکر کی چھوٹی بہن تھیں۔ لوگ انہیں پیارسے آشا تائی کہتے تھے۔ H/A










