Sunil Sharma

حکمران جماعت اسمبلی میں خصوصی درجہ کی وضاحت کریں

آرٹیکل 370 تاریخ بن چکا، بحالی ممکن نہیں// اپوزیشن لیڈر سنیل شرما

سرینگر//یو این ایس// قائدِ حزبِ اختلاف اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر رہنما سنیل شرمانے ہفتہ کو حکمراں جماعت نیشنل کانفرنس پر آئینی اصطلاحات کے حوالے سے عوام کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے حکومت کو اسمبلی میں ‘‘خصوصی درجہ’’ کے دعوے کو ثابت کرنے کا چیلنج دیا۔یو این ایس کے مطابق سری نگر کے ایس کے آئی سی سی میں بی جے پی کے میگا جوائننگ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے سنیل شرما نے کہا کہ انہوں نے قانون ساز اسمبلی میں کھلے عام حکومت سے پوچھا کہ آئین میں ‘‘خصوصی درجہ’’ کی اصطلاح کہاں درج ہے، جیسا کہ اسے پیش کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ دفعہ370اب تاریخ کا حصہ بن چکا ہے اور اس کی بحالی کا کوئی امکان نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 2024 کے اسمبلی انتخابات میں این سی نے آرٹیکل 370 کی بحالی کے نام پر ووٹ مانگے، لیکن بعد میں کہا کہ مرکز میں بی جے پی سے تعاون کی توقع نہیں کی جا سکتی۔سنیل شرما نے کہا کہ عوام کو پوچھنا چاہیے کہ ‘‘خصوصی درجہ’’ کے نام پر آخر کیا وعدہ کیا جا رہا ہے، کیونکہ آئینی حیثیت کو سیاسی نعروں کے ذریعے تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے این سی قیادت پر متضاد موقف اپنانے کا الزام بھی عائد کیا اور کہا کہ ماضی میں بی جے پی پر تنقید کرنے کے باوجود این سی بعض مواقع پر سیاسی طور پر اس کے ساتھ ہم آہنگ رہی ہے۔قائدِ حزبِ اختلاف نے مزید کہا کہ اب اسمبلی کی کارروائی عوام کی کڑی نگرانی میں ہے اور ڈیجیٹل رسائی کے باعث شفافیت میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے حکومت کو روزگار اور بجلی سے متعلق وعدوں پر بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کئی وعدوں پر وضاحت اور جوابدہی درکار ہے۔انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ آئینی اور طرزِ حکمرانی سے متعلق امور کو نچلی سطح تک لے جائیں اور کہا کہ بی جے پی اسمبلی کے اندر اور باہر حکومت سے سوال کرتی رہے گی۔