damaged roads in kashmir

بچھوارہ، ڈلگیٹ میں اندرونی سڑکیں کھنڈرات میں تبدیل

شہریوں کا ناقص سڑکوں پر شدید احتجاج، فوری مرمت کا مطالبہ

سرینگر//یو این ایس//سرینگر کے معروف علاقے بچوارہ، ڈلگیٹ میں اندرونی سڑکوں کی خستہ حالی نے مقامی شہریوں کی زندگی کو اجیرن بنا دیا ہے۔ علاقہ کے مکینوں نے سڑکوں کی بدترین حالت پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارہا شکایات کے باوجود نہ تو سرینگر میونسپل کارپوریشن اور نہ ہی دیگر متعلقہ اداروں نے اس طرف کوئی توجہ دی ہے مقامی باشندوں کے مطابق، سڑکیں اتنی خستہ حال ہو چکی ہیں کہ پیدل چلنا بھی محال ہو گیا ہے، جبکہ چھوٹی گاڑیوں اور رکشوں کا گزرنا تو ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جگہ جگہ کھڈے، مٹی اور کیچڑ نے ان سڑکوں کو کسی کچی پگڈنڈی میں بدل دیا ہے، جس کے باعث بیماروں کو اسپتال لے جانا، بچوں کو اسکول پہنچانا، یا روزمرہ کے کاموں کے لیے نکلنا ایک عذاب بن چکا ہے۔بچھوارہ کے ایک نوجوان شہری سجاد احمد نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ پچھلے پانچ برسوں میں ایک مرتبہ بھی ان سڑکوں کی مرمت نہیں ہوئی۔ انہوں نے شکوہ کرتے ہوئے کہا، “ہم نے بارہا سرینگر میونسپل کارپوریشن کے متعلقہ حکام کو یاد دہانی کرائی، لیکن ہر بار صرف یقین دہانی کرائی گئی، عملی اقدام کچھ بھی نہیں ہوا۔”علاقہ کے مکینوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ سرکاری سطح پر سڑکوں کی مرمت کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے، لیکن سرینگر میونسپل کارپوریشن نے ہمیشہ اس سڑک کو التواء￿ میں رکھا۔ ڈرائیور حضرات بھی ان سڑکوں پر آنے سے ہچکچاتے ہیں۔ محمد شفیع شیخ نامی ایک رکشہ ڈرائیور نے بتایا، “اگر کبھی مجبوراً بچوارہ جانا پڑے، تو ہمیں اپنی گاڑی کے نچلے حصے کو بچانے کے لیے دس بار سوچنا پڑتا ہے۔”مقامی افراد نے وزیر اعلیٰ اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری مداخلت کریں اور متعلقہ محکموں کو ہدایت دیں کہ وہ بچوارہ، ڈلگیٹ سمیت دیگر اندرونی علاقوں کی سڑکوں کی فوری میکڈمائزیشن کو یقینی بنائیں تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات سے راحت نصیب ہو۔