جموں//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ایوان کو بتایاکہ دسمبر 2023 سے بجلی کے ٹیرف میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ میٹر والے علاقوں میں بلنگ سختی سے اصل بجلی کی کھپت کے مطابق کی جاتی ہے جبکہ غیر میٹر والے علاقوں میں بلز فلیٹ ریٹ کی بنیاد پر عائد کئے جاتے ہیں جو کہ طے شدہ لوڈ کے مطابق ہوتے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ قانون ساز اسمبلی میں ڈاکٹر بشیر احمد شاہ ویری کی طرف سے اُٹھائے گئے سوال کا جواب دے رہے تھے ۔ اُنہوں نے ٹیرف کے بارے میں ایک ضمنی سوال کے جواب میںایوان کو بتایا کہ ٹیرف کا تعین ریگو لیٹری اتھارٹی یعنی جوائنٹ الیکٹر سٹی ریگو لیٹری کمیشن ( جے ای آر سی ) کے دائرہ کار میں آتا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ ٹیرف کو ریگولیٹر کی طرف سے طے کردہ اصول اور پیرا میٹروں کے مطابق سختی سے طے کیا جاتا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے مزید وضاحت کی کہ ایگریگیٹ ٹیکنیکل اینڈ کمرشل ( اے ٹی اینڈ سی ) نقصانات صارفین سے وصول نہیں کئے جاتے ۔










