ہم ایران کو نیوکلیئر ہتھیار کا حامل ملک نہیں دیکھ سکتے:امریکہ

واشنگٹن/یو این آئی//نائب امریکی صدر جے ڈی وینس کا کہنا ہے کہ امریکہ کی ترجیح ہے کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہ ہوں، ایران سے مذاکرات کا دوسرا دور بعض صورتوں میں تعمیری رہا ہے تاہم تہران صدر ٹرمپ کی جانب سے متعین کردہ بعض ریڈ لائنز پر بات چیت کیلیے تاحال تیار نہیں ہے ۔ غیر ملکی ذرائع ابلاع کے مطابق امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں نائب امریکی صدر جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ ہم اس پر کام جاری رکھیں گے ۔ تاہم صدر ٹرمپ کے پاس یہ اختیار ہے کہ وہ جب چاہیں یہ کہہ سکتے ہیں کہ سفارتکاری اپنے فطری انجام کو پہنچ چکی ہے ۔ رپورٹس کے مطابق انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس بات کی نوبت نہیں آئے گی، ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ اگر ایسا ہوا تو یہ صدر پر منحصر ہے ۔ وینس نے اپنے انٹرویو میں ریڈ لائنز کی وضاحت نہیں کی، اُن کا کہنا تھا کہ امریکہ کی پہلی ترجیح یہ ہے کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہ ہوں۔ نائب امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اس لحاظ سے بات چیت اچھی رہی۔طے یہ ہوا ہے کہ دونوں فریق ممکنہ معاہدے کے مسودے پر کام کریں گے اور اس کا تبادلہ ہونے پر مذاکرات کے اگلے مرحلے کو طے کیا جائے گا۔