محکمہ اعلیٰ تعلیم نے 2013 میں زمین مالکان کو معاوضے کے طور پر 192.165 لاکھ روپے کی رقم جاری کی تھی
جموں//وزیر برائے تعلیم سکینہ اِیتو نے ایوان کو بتایا کہ گورنمنٹ ڈِگری کالج (جی ڈی سی) بشناہ کی تعمیر کے لئے زمین کا حصول زمین مالکان کے ساتھ تنازعہ کی وجہ سے رکا ہوا ہے۔وزیر موصوفہ نے یہ بات آج ایوان میں رُکن اسمبلی ڈاکٹر راجیو کمار بھگت کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہی۔اُنہوں نے ایوان کو بتایا کہ جی ڈی سی بشناہ کو حکومت کی طرف سے 2007 میں منظوری دی گئی تھی اور یہ کالج 2008 سے حکومت ہائیر سیکنڈری سکول (بوائز) بشناہ کی عمارت میں عارضی طور پر اپنے اِنفراسٹرکچرکے بغیر کام کر رہا ہے۔وزیر تعلیم نے ایوان کو آگاہ کیا کہ بشناہ کے چک اوتارہ، تحصیل بشناہ ضلع جموں میں 55 کنال 14 مرلہ زمین کالج کی عمارت کی تعمیر کے لئے شناخت کی گئی تھی اور 2010 میں اس زمین کو لینڈ ایکوزیشن ایکٹ کے تحت سیکشن 4(1) کے تحت نوٹیفائی کیا گیا تھا لیکن زمین مالکان جن کی زمین ایکوائر کی جانی تھی، نے ایکوزیشن نوٹس کو قبول کرنے سے انکار کر دیا جس کے نتیجے میں زمین کے حصول کا عمل رُکا ہوا ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ اس وقت کے محکمہ اعلیٰ تعلیم نے 2013 میں ضلع ترقیاتی کمشنر جموں کو زمین مالکان کو معاوضہ دینے کے لئے 192.165 لاکھ روپے کی رقم جاری کی تھی۔ اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ اس کے باوجود، زمین مالکان سے تعاون نہ ہونے کی وجہ سے ایکوزیشن کا عمل مکمل نہیں ہو سکا۔اِس ضمن میں رُکن اسمبلی شیام لال شرما نے ضمنی سوال اُٹھایا۔










