بجٹ سیشن۔2026،اہم سیاحتی مقامات کی طویل بندش سے روزگار متاثر

وزیر اعلیٰ وزیر داخلہ کے ساتھ دوبارہ کھولنے کا معاملہ اُٹھائیں گے

جموں//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ متعدد سیاحتی مقامات کی طویل بندش سے مقامی نوجوانوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور حکومت متاثرہ اَفراد کی مدد کے لئے ریلیف پیکیج پر غور کر رہی ہے۔وزیر اعلیٰ رُکن قانون ساز اسمبلی خانصاحب سیف الدین بٹ کے اُن کے حلقے میں سیاحتی مقامات کی بندش سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دے رہے تھے۔اُنہوںنے ایوان کو بتایا کہ بین الاقوامی سطح پر مشہور سیاحتی مقامات دودھ پتھری، توسہ میدان اور یوسمرگ گزشتہ تقریباً نو ماہ سے سیکورٹی وجوہات کی بنا پر سیاحتی سرگرمیوں کے لئے بند ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ اِن سیاحتی مقامات کو دوبارہ کھولنے کا معاملہ مرکزی وزیر داخلہ کے ساتھ اُٹھائیں گے جو اِس وقت جموں و کشمیر کے دورے پر ہیں۔وزیر اعلیٰ جن کے پاس سیاحت کا قلمدان بھی ہے ، نے کہاطویل بندش نے مقامی معیشت کو نقصان پہنچایا ہے اور اے ٹی وِی آپریٹروں ، گاڑی مالکان ، پونی والوں ، سٹال مالکان ، گائیڈز اور دیگر شراکت دار جو اِن علاقوں میں سیاحتی سرگرمیوں پر منحصر ہیں ،کا روزگار بُری طرح متاثر کیاہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ مسلسل بندش کے باعث مقامی نوجوانوں میں بھی بے چینی پائی جا رہی ہے جن میں وہ نوجوان بھی شامل ہیں جنہوں نے ان سیاحتی مقامات پر کاروبار چلانے کے لئے مختلف مالیاتی اِداروں سے قرضے حاصل کئے تھے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دودھ پتھری، توسہ میدان اور یوسمرگ کو دوبارہ کھولنے کا معاملہ سیکورٹی امور سے جڑا ہوا ہے جو اِس وقت محکمہ سیاحت کے دائرہ اِختیار سے باہر ہے۔اُنہوں نے مزید بتایا کہ اِس ضمن میں رُکن اسمبلی خانصاحب کی طرف سے ایک ڈی او لیٹر،ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام کو بذریعہ لیٹر نمبر ٹی ایس ایم ۔ ٹی ڈِی اے / 51 /2021 بتاریخ 29؍ اکتوبر 2025مناسب کارروائی کے لئے بھیجا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پہلگام میں پیش آئے ایک افسوسناک واقعے اور اِس کے نتیجے میں ضلعی اِنتظامیہ کی طرف سے عائد پابندیوں کی وجہ سے دودھ پتھری میں سنو سکیٹنگ گیمز کا اِنعقاد نہیں ہو سکا۔ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے توسہ میدان میں روپ وے پروجیکٹ کے بارے میں ایوان کو بتایا کہ گنڈولہ،روپ وے پروجیکٹ کو پی ڈبلیو ڈی ( آر اینڈ بی ) ڈیپارٹمنٹ نے نیشنل ہائی ویز لاجسٹکس مینجمنٹ لمیٹڈ (این ایچ ایل ایم ایل ) کے ذریعے پروت مالا سکیم کے تحت تجویز کیا ہے جیسا کہ سرکاری آڈر نمبر 373۔پی ڈبلیو ( آر اینڈ بی) آف 2023 بتاریخ 6؍ ستمبر 2023 میں درج ہے۔