جموں//سپیکر جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی عبدالرحیم راتھر نے کہا کہ سیشن کے دوران بامعنی اور نتیجہ خیز کارروائی کو یقینی بنانا ایوان کی اِجتماعی ذمہ داری ہے۔اُنہوں نے کہا کہ لوگ اَپنے مسائل کے حل کی توقع کرتے ہیں اور اراکین کو یاد دِلایا کہ قانون سازی سیشنوں کے اِنعقاد میں اہم عوامی وسائل خرچ کئے جاتے ہیں اور نتیجہ خیز نتائج کو یقینی بنانا ایوان کی اِجتماعی ذمہ داری ہے۔اِس سے قبل سپیکر موصوف نے ایوان کے اراکین کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ اُن لوگوں کی اُمیدوں، توقعات اور اُمنگوں کی نمائندگی کرتا ہے جنہوں نے ہمیں منتخب کیا ہے۔ اُنہوں نے کہا، ’’لوگوں کی خدمت کرنا ایک اعزاز کے ساتھ ساتھ ایوان کے تمام اراکین پر عائد ایک بڑی ذِمہ داری بھی ہے۔‘‘اُنہوں نے کہاکہ ایوان میں اِستعمال ہونے والا وقت نہایت قیمتی ہے اور یہاں گزارا گیا ہر لمحہ عوام کی امانت ہے۔ اُنہوں نے اراکین پر زور دیا کہ وقت کا دانشمندانہ استعمال عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لئے ناگزیر ہے۔
سپیکر عبدالرحیم راتھر نے کہا کہ جمہوریت اختلافِ رائے کے لئے جگہ فراہم کرتی ہے، تاہم اسے وقار اور باہمی احترام کے ساتھ پیش کیا جانا چاہیے۔ اُنہوں نے متنبہ کیا کہ ایوان کی کارروائی پر عوام کی گہری نظر ہوتی ہے اور ایک معمولی غلطی بھی نظرانداز نہیں ہوتی۔اُنہوں نے اراکین کو یقین دِلایا کہ بجٹ سیشن کے دوران تمام آوازوں کو شامل کرنے کے لئے مناسب مواقع فراہم کئے جائیں گے۔سپیکر نے مزید کہا کہ ایوان کی بزنس ایڈوائزری کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ موجودہ سیشن کے دوران دو نشستیں منعقد کی جائیں گی تاکہ ہر رُکن اَپنے حلقے سے متعلق مسائل اُٹھا سکے، حکومت کی جوابدہی کو یقینی بنایا جا سکے اور عوامی مسائل کی مؤثر نمائندگی ہو سکے۔اُنہوں نے اراکین پر زور دیاکہ وہ اَپنے طرزِ عمل سے ایک مثال قائم کریں اور اُمید ظاہر کی کہ ایوان اس مقصد کو پورا کرے گا جس کے لئے عوام نے اَپنے نمائندوں کو منتخب کیا ہے۔اَس سے قبل سپیکر نے لیفٹیننٹ گورنر کا خطاب ایوان میں پیش کیا۔










