جموں // لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے 8ویں روڈ سیفٹی کونسل ( آر ایس سی ) کی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسران پر زور دیا کہ وہ سڑک حادثات کا تجزیاتی مطالعہ کریں تا کہ ان کی بڑی وجوہات کا پتہ لگایا جا سکے ۔ میٹنگ میں فائنانشل کمشنر ہوم راج کمار گوئل ، مالیاتی کمشنر صحت اور طبی تعلیم وویک بھردواج ، پرنسپل سیکرٹری ایچ اینڈ یو ڈی ڈی دھیرج گپتا ، پرنسپل سیکرٹری پی ڈبلیو ڈی شلیندر کمار ، ایڈیشنل ڈی جی پی ٹریفک ٹی نمگیال ، کمشنر سیکریٹری ٹرانسپورٹ ہردیش کمار ، ٹرانسپورٹ کمشنر پردیپ کمار ، پی ڈبلیو ڈی ، پی ایم جی ایس وائی ، بیکن ، مغل روڈ کے چیف انجینئر اور صحت ، تعلیم ، ریونیو ، این ایچ اے آئی ، این ایچ آئی ڈی سی ایل ، جے کے پی سی سی ، جے کے آر ٹی سی اور کئی محکموں کے نمائندے موجود تھے ۔ کشمیر میں مقیم افسران نے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ میٹنگ میں حصہ لیا۔ مشیرموصوف نے محکمہ سے کہا کہ صرف تھانوں سے ڈیٹا اکٹھا کرنا کافی نہیں ہے بلکہ ہر واقعہ کی جگہ کا دورہ کر کے ان افسوس ناک واقعات کے پیچھے اصل وجوہات کا پتہ لگانا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سائنسی مطالعہ کے بعد ہی اموات کو کم کرنے کیلئے ایک موثر روڈ میپ بنایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کی اپ گریڈیشن اور متعلقہ محکموں کی جانب سے سختی سے عمل درآمد سے مسئلہ کچھ حد تک کم ہوا ہے لیکن انسانی زندگیوں کے زیاّں ہونے کوبچانے کیلئے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ متعدد وجوہات کو حل کرنے کیلئے ایک جامع نقطہ نظر اپنانے کی ضرورت ہے ۔ مشیر بھٹناگر نے متعلقہ افسران پر بھی زور دیا کہ وہ سڑک کی حفاظت کے اقدامات کے نفاذ کیلئے ضروری خریداری کیلئے فنڈز کے استعمال کو تیز کریں ۔ انہوں نے ان سے کہا کہ وہ موٹر سائیکل ، موبائل انٹر سیپٹرز ، کرینز ، ہائی ٹیک کیمرے جلد از جلد حاصل کریں کیونکہ ان کے پاس فنڈز دستیاب ہیں ۔ انہوں نے ان سے کہا کہ وہ قوانین کے سخت نفاذ کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں حادثات کو کم کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر سڑکوں پر موجود سیاہ دھبوں کو دور کریں ۔ مشیر بھٹناگر نے افسران پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ سڑک کے کنارے تعمیرات قوانین کی خلاف ورزی نہ کی جائے ۔ انہوں نے ان سے کہا کہ وہ اپنی نگرانی کے طریقہ کار میں ضافہ کریں اور کسی بھی قسم کی کوتاہی کی صورت میں ذمہ داری کا تعین کریں ۔










