8دسمبرکی برف باری کے باعث بند،مغل روڑ4روز بعدکھل گیا

سری نگر//حالیہ برف باری کی وجہ سے 4روزتک بندرہنے کے بعدکشمیرکوخطہ پیرپنچال سے جوڑنے والے مغل روڑ کوپیر کے روز کھول دیاگیا تاہم کشمیر اور لداخ سے ملانے والی ایس ایس جی شاہراہ ہنوز بندتھی ۔جے کے این ایس کے مطابق 8دسمبر کوبرف باری ہونے کے بعد شوپیان کوراجوری وپونچھ اضلاع سے ملانے والے تاریخی مغل روڑ کوگاڑیوںکی آمدورفت کیلئے بندکردیاگیا تھا۔حکام نے بتایاکہ اتوار سے موسم بہتررہنے اور کچھ جگہوں پر جمع برف کوہٹانے کے بعدمغل روڑ کوپیر کے روز آمدورفت کیلئے کھول دیاگیا۔ڈی ایس پی ٹریفک راجوری وپونچھ رینج آفتاب بخاری نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے میڈیا کوبتایاکہ مغل روڑ کو کھو ل دیاگیاہے اورگاڑیوںکوچلنے کی اجازت دی گئی ہے ۔ادھر ٹریفک پولیس نے پیر کی صبح ایک ٹویٹ میں جانکاری دی تھی کہ ایس ایس جی روڑ یعنی سری نگر لیہہ شاہراہ اور مغل روڑ ابھی بندہے ۔یہ ٹویٹ پیر کوصبح ساڑھے 6بجے کیاگیا تھا۔حکام نے بتایاکہ سری نگر لیہہ شاہراہ پیر کوبھی بندرہی تاہم اس پرٹریف کوبحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں ۔