65سالہ پرانی جواہر ٹنل کی متبادل زیر پہاڑسڑک کی تعمیرکاکام مکمل

سری نگر//65سالہ جواہر ٹنل کے خستہ حال ہونے اورماہرین کی جانب سے کئی سال قبل پُرخطر قرار دئیے جانے کے بعداب اس کی متبادل قاضی گنڈ ،بانہال ٹنل کاکام مکمل ہوگیاہے ،اوربدھ کے روز ساڑھے8کلومیٹر مسافت والی اس نئی ٹنل پر ٹریفک کی آزمائش ہوئی ۔روڑ ٹرانسپورٹ اورہائی ویزکے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے اسکی اطلاع سماجی رابطہ گاہ ٹویٹر پراپنے ایک ٹویٹ میں دی ۔مرکزی وزیر نے کہاکہ سطح سمندر سے5800فٹ کی بلندی پرتعمیرکی گئی ’ قاضی گنڈ بانہال ٹنل ‘کاکام مکمل ہوگیاہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ نوتعمیرشدہ ٹنل سال1956میں عوام کیلئے وقف کی گئی جواہر ٹنل کی جگہ لے گی یعنی اس کامتبادل بنے گی ۔روڑ ٹرانسپورٹ اورہائی ویزکے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے ایک ٹویٹ میں لکھاکہ ساڑھے آٹھ کلومیٹر مسافت والی قاضی گنڈ بانہال ٹنل پر بدھ کوٹریفک کی آزمائش ہوئی ۔انہوں نے کہاکہ اس نئی ٹنل کی تعمیراوراس کوٹریفک کی آمدورفت کیلئے کھولے جانے کے بعدسری نگرجموں شاہراہ پر مسافت اورسفری وقت میں بالترتیب 16کلومیٹر اورڈیڑھ گھنٹے کی کمی ہوگی ۔نتن گڈکری نے مزیدکہاکہ یہ وزیراعظم مودی کی لیڈرشپ میں جموں وکشمیرمیں بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں ایک اہم سنگ میل ہے۔مرکزی وزیر کاکہناتھاکہ قاضی گنڈ بانہال ٹنل کوگاڑیوں کی آواجاہی کیلئے کھولے جانے کے بعدنہ صرف یہ کہ قومی شاہراہ پر سفر کے وقت اورمسافت میں کافی کمی آئیگی بلکہ اس ٹنل کی وجہ سے سری نگرجموں شاہراہ پر ہمہ وقت ٹریفک بحال رکھنے میں بھی مددملے گی ۔انہوں نے مزیدکہاکہ ساڑھے آٹھ کلومیٹر مسافت والی قاضی گنڈ بانہال کی تعمیرکاکام مکمل ہوگیاہے ،اوریہ ٹنل کشمیر اور جموں کے درمیان رابطے کو آسان بنائے گی اور سردیوں یعنی موسم سرمامیں برف باری اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے سڑک بند ہونے کا مسئلہ حل کرے گی۔خیال رہے سطح سمندرسے لگ بھگ5800فٹ کی بلندی پر تعمیر کرائی گئی اس نئی ٹنل کی تعمیرکاکام کام سال2018میں شروع کیاگیا تھا ،اوریہ کام جون 2021میں مکمل ہوناتھا،لیکن مختلف وجوہات کی بناء پراس کاکام مقررہ وقت پرمکمل نہیں ہوپایا لیکن اب قاضی گنڈ بانہال ٹنل کی تعمیرکاکام چونکہ مکمل ہوا ہے اوربدھ کے روز اس پر ٹریفک کی آزمائش بھی کی گئی تواب اس کاعنقریب افتتاح کیا جائیگا۔