5400 خاندانوں کو پی ایم سوریہ گھر سکیم کے تحت زیرو بجلی بل موصول

5400 خاندانوں کو پی ایم سوریہ گھر سکیم کے تحت زیرو بجلی بل موصول

چیف سیکرٹری نے شدید آؤٹ ریچ اور بروقت آر ٹی ایس تنصیبات کی ہدایات دیں

جموں// چیف سیکرٹری مسٹر اتل ڈولو نے جموں و کشمیر بھر میں پی ایم سوریہ گھر مفت بجلی یوجنا کی پیش رفت کا جائیزہ لینے کیلئے ایک جامع جائیزہ اجلاس کی صدارت کی ۔ اجلاس میں ضلع وار کارکردگی ، چیلنجزاور اس فلیگ شپ روف ٹاپ سولر ( آر ٹی ایس ) اقدام کے نفاذ کو تیز کرنے کی حکمت عملیوں پر غور کیا گیا جو پائیدار اور سستی گھریلو توانائی کے حل کو فروغ دینے کا مقصد رکھتا ہے ۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ( پی ڈی ڈی ) ، پرنسپل سیکرٹری فائنانس ، کمشنر سیکرٹری انڈسٹریز اینڈ کامرس ، سیکرٹری سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ( ایس اینڈ ٹی ) ، ڈائریکٹر جنرل بجٹ ، منیجنگ ڈائریکٹر جے پی ڈی سی ایل اور جے اے کے ای ڈی اے کے علاوہ دیگر سینئر افسران نے شرکت کی ۔ تمام ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس کے آغاز پر بتایا گیا کہ سکیم کے تحت کُل 13579 روف ٹاپ سولر تنصیبات میں سے 5413 صارفین کو پہلے ہی زیرو بجلی بل موصول ہو چکے ہیں ، جو زمینی حقیقت میں ٹھوس پیش رفت کی عکاسی کرتا ہے ۔ چیف سیکرٹری نے جے اینڈ کے کی توانائی کے منظر نامے کو تبدیل کرنے میں سکیم کی اہمیت پر زور دیا کہ توانائی کی کمی والے علاقے کے طرز پر یو ٹی کو قابل اعتماد سولر پاور کو اپنانے سے بے پناہ فائدہ ہو گا ۔ انہوں نے ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ سے ہر ضلع میں سکیم کے ہموار اور وقت پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی اپیل کی ۔ عوامی رسائی پر زور دیتے ہوئے مسٹر ڈولو نے بجلی تقسیم کار کمپنیوں ( ڈسکامز ) کو ہدایت دی کہ وہ اسکیم کے متعدد فوائد کے بارے میں شہریوں کو آگاہ کرنے کیلئے بیداری مہمات کو تیز کریں ، صارفین کو وینڈر کے انتخاب میں مدد فراہم کریں اور تیز تنصیبات کو آسان بنائیں ۔ انہوں نے ضلعی سطح پر پیش رفت کی مضبوط نگرانی اور باقاعدہ جائیزہ لینے پر بھی زور دیا تا کہ مقررہ اہداف حاصل کئے جا سکیں ۔ اجلاس کے دوران چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنرز سے ضلع وار تفصیلی جائیزہ لیا ، نفاذ کے چیلنجز اور مقامی اختراعات پر بصیرت حاصل کی ۔ انہوں نے بینکوں پر زور دیا کہ وہ اسکیم کے تحت قرض کی تقسیم کی شرح کو بڑھائیں ۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے اے سی ایس پی ڈی ڈی نے بینکوں ، وینڈرز اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان بہتر رابطہ کاری کی ضرورت پر روشنی ڈالی ، مالیاتی اداروں پر زور دیا کہ وہ اسکیم کے تحت دستیاب کم ترین شرح سود اور سبسڈیز کو فعال طور پر تشہیر کریں ۔ انہوں نے وینڈر کے انتخاب میں شفافیت برقرار رکھنے اور صارفین کے معاہدوں کی فوری دستخط پر زور دیا ۔ بعد میںچیف سیکرٹری نے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ کی انرجی ڈیولپمنٹ ایجنسی کی جانب سے سرکاری عمارتوں کی سولرائزیشن اور ماڈل سولر ولیج انیشیٹیٹو کے تحت ہونے والی پیش رفت کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ تمام 20 اضلاع میں بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے عملدرآمد کو تیز کیا جائے ۔ اجلاس کے اختتام پر چیف سیکرٹری نے انتظامیہ کے عزم کا اعادہ کیا کہ پی ایم سوریہ گھر مفت بجلی یوجنا کے موثر نفاذ کے ذریعے جموں و کشمیر میں توانائی کی منتقلی اور خود انحصار بجلی کی پیداوار کے اہداف کو آگے بڑھایا جائے گا ۔