گاندربل//وادی ٔ کشمیر کے 40 سائیکل سواروں نے نوجوانوں میں بہتر حکمرانی اور مہم جو ئی سیاحت کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لئے آج صبح گاندربل سے مانسبل تک سائیکلنگ کی۔ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل جِتن کشور نے اِس سائیکلنگ ایونٹ کو کلاک ٹاور گاندربل سے جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔یہ ایونٹ وولر۔مانسبل ڈیولپمنٹ اَتھارٹی (ڈبلیو ایم ڈِی اے) کی جانب سے ضلع اِنتظامیہ گاندربل کے اِشتراک سے منعقد کیا گیا جبکہ جموں و کشمیر ماؤنٹین بائیکنگ ایسوسی ایشن (جے کے ایم بی اے) اور کشمیر ماؤنٹین بائیکنگ ایسوسی ایشن (کے ایم بی اے) نے تکنیکی مدد فراہم کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل نے شرکأ سے خطاب کرتے ہوئے سائیکل سواروں کے جوش و جذبے اور عزم کو بالخصوص خراب موسمی حالات اور مسلسل بارش کے باوجود شرکت کرنے پرسراہا۔ اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اِس مقام پر ایسے پروگرام منعقد ہوتے رہیں گے اور اس اَقدام پر وولر۔مانسبل ڈیولپمنٹ اَتھارٹی (ڈبلیو ایم ڈِی اے)کی ستائش کی۔اِس سے قبل چیف ایگزیکٹیو آفیسر وولر۔مانسبل ڈیولپمنٹ اَتھارٹی (ڈبلیو ایم ڈِی اے) احسان الحق چشتی نے ضلع ترقیاتی کمشنر کو ریلی اور ایڈونچر سرگرمیوں کے فروغ میں شرکأ کے کردار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
سائیکلنگ ٹریل کے دوران سائیکل سواروں نے شاہراہوں پر واقع دلکش مناظر سے بھرپور راستوں سے گزرتے ہوئے آخرکار خوبصورت مانسبل تک رَسائی حاصل کی۔بعد بعد مانسبل کلب میں منعقدہ اِختتامی تقریب کے دوران سی اِی او وولر ۔ مانسبل ڈیولپمنٹ اتھارٹی ( ڈبلیو ایم ڈِی اے)احسان الحق چشتی نے شرکأ کو اسناد پیش کیں۔ اُنہوں نے مانسبل جھیل میں آبی سرگرمیوں سمیت ایڈونچر سرگرمیوں کے فروغ کے لئے ڈبلیو ایم ڈِی اے کے عزم کا اعادہ کیا اور مشکل موسمی حالات میں شاندار کارکردگی پر سائیکل سواروں کی سراہنا کی۔اِس موقعہ پر رفیق احمد کو تقریباً 4,000 کلومیٹر پر مشتمل باوقار کے ٹو کے(کنیاکماری تا کشمیر) سائیکلنگ رائیڈ کامیابی سے مکمل کرنے پر تعریفی ایوارڈ سے نوازا گیا۔اِس موقعہ پر موجود نمایاں کھیل اور ایڈونچر سے وابستہ شخصیات میں صدرجے کے ایم بی اے ریاض وانی، صدر کے ایم بی اے مشاق بٹ ، سیکرٹری سوئم سوسائٹی یاسر مقدومی اور سیکرٹری جموں و کشمیر ماؤننٹینرنگ اینڈ ایڈونچر کلب سیّد طاہر موجود تھے۔ریاض وانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محکمہ صحت، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز، پولیس اور ایس ڈِی آر ایف کا شکریہ اَدا کیا جن کے تعاون سے یہ ایونٹ پُر امن اور محفوظ طریقے سے منعقد ہوا۔










