4ستمبر کو رام لیلا میدان میں کانگریس کی مہنگائی پر ’ہلہ بول ریلی‘

کانگریس ایک بار پھر مہنگائی کے خلاف مودی حکومت کو گھیرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ کانگریس پارٹی مہنگائی کے خلاف ہلہ بول ریلی نکالنے جا رہی ہے۔ جس کی نئی تاریخ کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔ کانگریس کے مطابق پارٹی 4 ستمبر کو دہلی کے رام لیلا میدان میں اس ریلی کا اہتمام کرے گی۔ کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے کہا کہ پہلے اس کی تاریخ 28 اگست مقرر کی گئی تھی۔ اب اس میں تھوڑی سی تبدیلی کی گئی ہے۔جے رام رمیش نے بتایا کہ مہنگائی پر ’ہلہ بول ریلی‘ کی تاریخ تبدیل کر دی گئی ہے۔ اب اس کا انعقاد 4 ستمبر کو ہوگا۔ یہ تبدیلی قومی راجدھانی دہلی میں کورونا کی صورتحال کے پیش نظر کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ریلی کو راہل گاندھی خطاب کریں گے۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ 22 اگست کو ہر ریاست میں ہلہ بول، دہلی چلو ریلی نکالی جائے گی۔ 25 اگست کو ضلع سطح پر اور 27 اگست کو مختلف ریاستوں میں بلاک سطح پر ایک ریلی نکالی جائے گی۔جئے رام رمیش نے کہا کہ اس کے علاوہ 3500 کلومیٹر طویل ‘بھارت جوڑو یاترا 7 ستمبر کو کنیا کماری سے شروع ہوگی۔ اس ریلی میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی بھی موجود رہیں گے۔ جے رام رمیش نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ‘ہلہ بول ریلی‘ میں مہنگائی، جی ایس ٹی، بے روزگاری پر آواز اٹھائی جائے گی۔ جے رام رمیش نے کہا کہ اس ریلی کے ذریعے مرکزی حکومت کے غیر حساس رویہ کو عوام کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا۔ ریلی کے ذریعے نریندر مودی حکومت کو سخت پیغام دیا جائے گا۔ یہ ریلی دہلی کے رام لیلا میدان میں منعقد کی جانی ہے، جس سے راہل گاندھی سمیت پارٹی کے کئی سینئر لیڈر خطاب کریں گے۔