4سال بعد گریجویشن مکمل کرنے والے درجنوں طلاب کاایک اورامتحان

4سال بعد گریجویشن مکمل کرنے والے درجنوں طلاب کاایک اورامتحان

رزلٹ منظرعام پر آنے کے 2ماہ بعدبھی سرٹیفکیٹس نہیں

سری نگر//2018بیچ کے کالج طلباء اور طالبات کی گریجویشن چار سال بعدمکمل ہوئی ،اورفائنل ائرامتحان کے نتائج ماہ اگست میں ظاہر کئے گئے ،لیکن اب تک کامیاب ہوئے طلاب کو کلسٹر یونیورسٹی سے ڈگری سرٹیفکیٹ اورمارکس کارڈ اجرا ء نہیں کئے گئے ہیں ۔ کلسٹر یونیورسٹی سری نگرسے منسلک امرسنگھ کالج سری نگرمیں زیرتعلیم رہ کر اپنی گریجویشن مکمل کرنے والے طلباء وطالبات کواعلیٰ تعلیمی یعنی ماسٹرس کورسزکیلئے داخلہ لینے میں مشکلات پیش آرہے ہیں ،جس وجہ سے چار سال میں گریجویشن مکمل کرنے والے درجنوں طلبہ کواپنا تعلیمی مستقل مخدوش نظرآنے لگاہے ۔کشمیر نیوزسروس کے مطابق امر سنگھ کالج سری نگرسے اپنی گریجویشن مکمل کرنے والے کئی طلباء وطالبات نے بتایاکہ انہوںنے سال2018میں گریجویشن کورس یاڈگری کیلئے کالج میں داخلہ لیاتھا ۔انہوںنے بتایاکہ فائنل ائر امتحان کے نتائج 11،اگست2021کوکلسٹر یونیورسٹی سری نگرکی جانب سے ظاہر کئے گئے لیکن اب دوماہ گزرچکے ہیں ،اورہمیں ڈگری سرٹیفکیٹ اورمارکس کارڈ اجرا ء نہیں کئے جارہے ہیں ۔اپنے تعلیمی مستقبل کولیکر سخت پریشان ایک طالبہ نے کہاکہ وہ ماسٹرس ڈگری کیلئے ایک یونیورسٹی میں داخلہ لینا چاہتی ہے اوراُس نے فارم بھی حاصل کیا ،تمام لوازمات بھی پورے کئے ،لیکن یونیورسٹی انتظامیہ نے یہ کہہ کر ماسٹرس کورس کیلئے داخلہ دینے سے انکارکیا کیونکہ مجھے امرسنگھ کالج سری نگرسے پراویژنل یاعارضی سرٹیفکیٹ دی گئی ہے ۔انہوںنے کہاکہ یونیورسٹی والے کہتے ہیں کہ فارم کیساتھ اصل یااوریجنل ڈگری سرٹیفکیٹ اوریونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ مارکس کارڈ رکھیں تاکہ ہم آپ کی اصل اسناد کاجائزہ لیکر آپ کوداخلہ دینے کافیصلہ لے سکیں ۔مذکورہ طالبہ نے کہاکہ جب اُس نے اوریجنل ڈگری سرٹیفکیٹ اورمارکس کارڈ لینے کیلئے امرسنگھ کالج سری نگرکے انتظامی بلاک سے رجوع کیا تووہاں سے مجھے پراویژنل یاعارضی ڈگری سرٹیفکیٹ اورڈسچارج سرٹیفکیٹ دی گئی ۔انہوںنے بتایاکہ کالج انتظامیہ نے مجھے اوردوسرے طلبہ کوکچھ روز بعد اوریجنل ڈگری سرٹیفکیٹ اورمارکس کارڈ لینے کیلئے آنے کوکہا تھا ،اورہم کئی بار کالج جاچکے ہیں لیکن وہاں ہمیں بتایا جاتا ہے کہ ابھی تک کلسٹر یونیورسٹی سری نگرکی جانب سے بی اے ،بی ایس ،بی کام وغیرہ ڈگری مکمل کرنے والے طلاب کی اوریجنل ڈگری سرٹیفکیٹ اورمارکس کارڈ حاصل نہیں ہوئے ہیں ۔پریشان طلبہ نے بتایاکہ ہمیں کالج والے اب پندرہ روز بعدآنے کوکہتے ہیں جبکہ اسوقت تک کچھ یونیورسٹیوںمیں ماسٹرس کورسزمیں داخلہ لینے کیلئے فارم جمع کرنے کی آخری تاریخ ختم ہوجائے گی ۔چار سال بعداپنی گریجویشن مکمل کرچکے طلباء وطالبات نے کلسٹر یونیورسٹی سری نگر کے حکام سے اپیل کی کہ اُن کے حق میں بلاتاخیر اوریجنل ڈگری سرٹیفکیٹ اورمارکس کارڈ اجراء کئے جائیں تاکہ اُنھیں ماسٹرس کورسز کیلئے داخلہ لینے میں مزید کسی مشکل کاسامنا نہ کرنا پڑے ۔